Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی شہری کا گورنر ریاض کے لیے ’تحفہ‘

مقامی شہری کے تحفے کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے (فوٹو: المرصد)
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے گورنر کے لیے مقامی شہری کے تحفے کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
سعودی شہری نے گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر کی گاڑی رکوائی اور کہا کہ ’میرے پاس ایک تحفہ ہے۔‘ شہری نے انہیں پہلے ایک قصیدہ پیش کیا پھر کہا آپ کے لیے اصل تحفہ ’باز‘ کا ہے۔
المرصد کے مطابق گورنر ریاض نے استفسار کیا کہ ’تحفہ کہاں ہے؟‘ جس پر شہری نے جواب دیا کہ ’باز ابھی چھوٹا ہے، اسے ذرا بڑا ہونے دیں۔‘ 

سعودی شہری نے گورنر ریاض کی گاڑی رکوائی اور کہا ’میرے پاس ایک تحفہ ہے‘ (فوٹو: سوشل میڈیا)

 مقامی شہری نے فوری ہی اپنے بیٹے کو جس کا نام سلمان تھا آواز دے کر طلب کیا اور گورنر ریاض سے اس کا تعارف کراتے ہوئے کہا ’یہ میرا بیٹا ہے اسے ملازمت چاہیے‘۔
شہری نے اپنے بیٹے کو ’باز‘ کے طور پر گورنر ریاض کی خدمت میں پیش کیا تھا۔
گورنر ریاض سعودی شہری کی اس ذہانت پر مسکرائے اور نوجوان سے دریافت کیا کہ ’تمہاری تعلیم کیا ہے اور تم کیا کر سکتے ہو؟‘
نوجوان نے بتایا کہ وہ شقرا یونیورسٹی میں کیمسٹری کا طالب علم ہے۔ گورنر ریاض نے اسے اطمینان دلایا کہ وہ اس کا کام کر دیں گے۔

شیئر: