Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زلمی کے رنگوں سے گلیاں سجانے والا پرستار

ملک میں پاکستان سپر لیگ کا بخار سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ 20 فروری سے شروع ہونے والی پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔
لاہور، کراچی، ملتان اور راولپنڈی میں شائقین کرکٹ کو اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملے گا تاہم پشاور میں کوئی میچ نہیں کھیلا جائے گا لیکن پشاور میں شائقین کرکٹ کا جذبہ کسی طور کم نہیں ہے۔
پشاور سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ احمد ہمدرد اور ان کے دوست پشاور زلمی ٹیم کے ایسے مداح ہیں کہ انہوں نے ٹیم سے محبت اور کرکٹ سے لگاؤ کا انوکھا انداز یہ اپنایا کہ وہ شہر کی گلیوں اور کوچوں کو زلمی کے نام اور رنگوں سے سجانے کے لیے نکل پڑے۔

دیواروں کو سجانے کا مقصد کیا ہے؟

پشاور زلمی ٹیم کو سپورٹ کرنے اور اپنی محبت کا اظہار کرنے کے لیے احمد ہمدرد نے مختلف مقامات پر دیواروں پر کیلی گرافی کرنا شروع کی ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ زلمی ٹیم کا نام ہر جگہ پر ہو اور اگر کوئی چاہتا ہے کہ ان کی گلی یا دیوار کو زلمی کے نام سے سجایا جائے تو ان کے لیے بغیر معاوضے کے خدمات پیش کرتے ہیں۔
پشاور زلمی کے دیگر سپورٹرز بھی ان کو فون کرکے گلی محلوں کو سجانے کے لیے پہنچ جاتے ہیں۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے پینٹر احمد ہمدرد نے بتایا کہ وہ گذشتہ پانچ برس سے پینٹنگ اور کیلی گرافی کر رہے ہیں لیکن جب بھی پاکستان سپر لیگ شروع ہوتی ہے، وہ نہ صرف اپنے علاقے کی گلیوں کو بلکہ شہر میں کرکٹ سے محبت رکھنے والے اور زلمی کے دیگر مداحوں کے لیے بھی پشاور زلمی کے نام اور لوگو پینٹ کرتے ہیں۔

گلیوں کو رنگوں سے سجانے میں ان کے دوست بھی ان کا ساتھ دیتے ہیں (فوٹو: اردو نیوز)

انہوں نے بتایا کہ وہ اور ان کے دوست مل کر یہ کام کرتے ہیں کیونکہ وہ بھی پشاور زلمی کے سپورٹر ہیں۔ اپنی جیب خرچ سے مختلف رنگ خرید کر دیواروں اور دکانوں کو زلمی کے نام اور لوگوز سے سجانے کے لیے جب کہیں دور جانا ہو تو ان کے دوست دولت خان ان کے لیے مفت رکشہ فراہم کرتے ہیں جبکہ امجد خان بھی ان کی مدد کے لیے ساتھ ہوتے ہیں۔
ہمدرد کہتے ہیں کہ پی ایس ایل کی تمام ٹیمیں ان کی اپنی ہیں اور جو بھی جیتے، جیت پاکستان کی ہوگی لیکن پشاور زلمی ان کی پسندیدہ ٹیم ہے اور ایک بار پھر زلمی ٹائٹل جیت کر پشاور ضرور لائے گی۔

احمد ہمدرد کو یقین ہے کہ پشاور زلمی اس پر پھر پی ایس ایل جیتے گی (فوٹو: اردو نیوز)

زلمی ٹیم کے چیئرمین جاوید آفریدی کے بارے میں بتاتے ہوئے احمد ہمدرد نے کہا کہ وہ ان پر فخر کرتے ہیں جنہوں نے نہ صرف اپنے صوبے بلکہ پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا ہے جبکہ کئی نئے لڑکوں کو بھی متعارف کرا کر کرکٹ کو فروغ دیا۔
انہوں نے زلمی ٹیم کے کپتان ڈیرن سیمی کو سب سے پہلے پاکستان آنے پر خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی کہ جاوید آفریدی پشاور زلمی کی پوری ٹیم کو پشاور کا دورہ ضرور کرائیں گے تاکہ پشاوریوں کو بھی زلمی کھلاڑیوں سے ملنے کا موقع ملے۔

شیئر: