Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹیکس قانون کی خلاف ورزیوں کی اطلاع پر انعام

اطلاع دینے والوں کو انعام دیئے جانے کالائحہ مرتب کیاجارہا ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
جنرل اتھارٹی آف زکوة اینڈ ٹیکس کے مطابق ایسے تجارتی اداروں کے بارے میں جو ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوتے ہیں اطلاع دینے والوں کو انعام دیے جانے کا لائحہ عمل مرتب کیا جا رہا ہے۔
اتھارٹی کی جانب سے شروع کی جانے والی مہم کا مقصد لوگوں میں ٹیکس کی بروقت ادائیگی اور زکوة و ٹیکس کے معاشرے پر مثبت اثرات کے حوالے سے شعور کو اجاگر کرنا ہے۔
ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق جنرل اتھارٹی آف زکوة اینڈ ٹیکس کی جانب سے کہا گیا ’ ٹیکس قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے بارے میں عام افراد اطلاع فراہم کرسکتے ہیں تاہم انعام کے حقدار اتھارٹی کے اہلکار نہیں ہوں گے‘۔

ویب سائٹ بھی لانچ کی گئی ہے جس کا ایڈریس gazt.gov.sa ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)

اتھارٹی کی جانب سے شکایات وصول کرنے کے لیے ویب سائٹ لانچ کی گئی ہے اس پر خلاف ورزی کرنے والے کے بارے میں درست اور جامع معلومات ارسال کی جاسکتی ہیں۔
سمارٹ فونز پر بھی خلاف ورزی کرنےوالوں کے بارے میں اطلاع فراہم کی جاسکتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اتھارٹی کی جانب سے اطلاع فراہم کرنے والے کے بارے میں تمام معلومات مخفی رکھی جائیں گی۔
دریں اثنا اتھارٹی کے ذرائع کا کہنا تھا کہ ٹیکس خلاف ورزی کرنےوالے گوشواروں کا غلط اندراج کراتے ہیں جبکہ جعلی بلز کے علاوہ غلط تجارتی سرگرمیوں کا اندراج بھی کرایا جاتا ہے تاکہ زکوة اور ٹیکس کی ادائیگی سے بچا جاسکے۔
تمام خلاف ورزیوں کی مصدقہ اطلاع فراہم کرنے والوں کو اتھارٹی کی جانب سے انعام دینے کے ضوابط مرتب کیے جارہے ہیں تاکہ ایسے اداروں اور کمپنیوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جاسکے جو قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوتے ہیں۔
واضح رہے ٹیکس قانون کی خلاف ورزی پر جرمانہ کی ابتدامجموعی رقم سے 25 فیصد سے کی جائے گی جبکہ خلاف ورزی کے بارے میں اطلاع فراہم کرنےوالے کو جرمانے کا ڈھائی فیصد انعام کے طور پر ادا کیاجائیگا۔
اتھارٹی کی جانب سے ٹیکس خلاف ورزیوں کے حوالے سے ویب سائٹ بھی لانچ کی گئی ہے جس کا ایڈریس gazt.gov.sa ہے

شیئر: