Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’لالی وڈ پوسٹر‘ پر جمائمہ کی ٹویٹ

سابق شوہر عمران خان اور پاکستانی سیاست جمائمہ کی سوشل میڈیا سرگرمی کا حصہ رہتے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
 وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائمہ گولڈ سمتھ نے ایک پوسٹر شیئر کیا ہے جس کے بعد سوشل میڈیا پر "لالی وڈ" نما اس  پوسٹر پر تبصرے اور ٹویٹس کا ایک سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
جمائمہ گولڈ سمتھ نے اردو نہ سمجھنے والوں کے لیے پوسٹر پر لکھے ہوئے جملے کے ترجمے کو بھی اپنی ٹویٹ کا حصہ بنایا۔ 
اپنی ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’کون لالی وڈ پوسٹر کو پسند نہیں کرے گا۔ لاہور میں ایک دوست کی نظراس پوسٹرپر پڑی تھی۔‘

 
پوسٹر پر تصویر میں عمران خان کی موجودہ اہلیہ کی تصویر بھی ہے جس کے اوپر ’تو نے کیسا جادو کیا‘ کا عنوان ہے، جب کہ عمران خان کی وزیراعظم آفس کی آفیشل تصویر کے پس منظر میں سابق اہلیہ جمائمہ گولڈ سمتھ کو بھی دکھایا گیا ہے۔

ایک الگ ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’اس سے کسی کی بے ادبی مطلوب نہیں ہے۔ آپ کی اکثریت کی طرح میں نے بھی اسے دلچسپ پایا ہے۔ میں پاکستانی فلموں کے پوسٹرز، سٹریٹ آرٹ اور ٹرک آرٹ کو پسند کرتی ہوں۔‘

جمائمہ گولڈ سمتھ کی ٹویٹ پر سوشل میڈیا صارفین نے عمران خان اور ان کی سابق اہلیہ کی متعدد تصاویر، ویڈیوز اور یادداشتیں شیئر کیں۔ جب کہ کچھ لوگ عمران خان کی دوسری اہلیہ ریحام خان کے تصویر میں نہ ہونے کی نشاندہی بھی کرتے رہے۔
پاکستان اور برطانیہ کی شہریت رکھنے والی 46 سالہ جمائمہ گولڈ سمتھ نے 1995 میں عمران خان سے شادی کی تھی۔ نو برس تک قائم رہنے والی شادی 2004 میں طلاق پر ختم ہوئی۔ 
’وی سٹیل سیکرٹس‘ اور ’دی سٹوری آف وکی لیکس‘ نامی فلموں میں اداکاری کرنے والی جمائمہ مارسیل گولڈ سمتھ برطانیہ کے کلچرل اور پولیٹیکل میگزین کے ساتھ بطور صحافی بھی وابستہ رہی ہیں۔ فلم اور ڈاکیومینٹری پروڈکشن کی دنیا کا رخ کرنے والی جمائمہ پاکستانی سیاست سمیت دیگر موضوعات خصوصاً سابق شوہر عمران خان کی سرگرمیوں کو سوشل میڈیا پر زیربحث لاتی رہتی ہیں۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: