Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بچی کو گود میں اٹھا کر تقریر کرنے والی آسٹریلوی سینیٹر فاطمہ پیمان کون ہیں؟

آسٹریلیا کے سینیٹ میں چھ ماہ کی بیٹی کو گود میں اٹھا کر خطاب کرنے والی افغان نژاد مسلمان سیاست دان فاطمہ پیمان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ 
فلسطین کے معاملے پر اپنی جماعت سے اختلاف کے باعث خبروں میں رہنے والی فاطمہ پیمان کون ہیں اور آسٹریلوی پارلیمنٹ تک کیسے پہنچیں؟
سماجی رابطوں پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فاطمہ پیمان آسٹریلوی سینیٹ میں آن لائن تحفظ سے متعلق قانون سازی پر گفتگو کر رہی ہیں، جبکہ ان کے پیچھے بیٹھی ایک اور سینیٹر لیڈیا تھورپ ان کی چھ ماہ کی بیٹی عالیہ کے ساتھ ’پیک اے بو‘ کھیلتی دکھائی دیتی ہیں۔
اس منظر نے دنیا بھر میں لوگوں کی توجہ حاصل کی ہے اور کام کی جگہوں پر ماؤں کے لیے سہولتوں اور خواتین کی سیاسی نمائندگی سے متعلق بحث کو بھی جنم دیا ہے۔ 
خاص طور پر سینیٹر لیڈیا تھورپ کی جانب سے خطاب کے دوران بچی کے ساتھ کھیلنے کے انداز کو بھی صارفین نے پسند کیا، جن کے خیال میں یہ ساتھیوں کے درمیان تعاون اور ایک دوسرے کی ذمہ داریاں سمجھنے کی خوب صورت مثال ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس منظر کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین کو ماں ہونے اور پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھانے میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے پر مجبور نہیں ہونا چاہیے۔ 
بعض صارفین نے اسے ایک ایسی پارلیمنٹ کی مثال قرار دیا جہاں والدین اپنے بچوں کی دیکھ بھال کے ساتھ عوامی ذمہ داریاں بھی ادا کر سکتے ہیں۔
ایکس پر ’آئی ایم سیدال‘ نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ماں بننے سے پارلیمنٹ کی ذمہ داریاں نہیں رکتیں۔‘
انہوں نے اس پوسٹ میں سوال اٹھایا ہے کہ ’کیا یہ کام کرنے والی ماں کی بہترین مثال ہے یا پارلیمنٹ میں بچے کی موجودگی مناسب نہیں؟‘
ایکس صارف شنکر پریہارنے فاطمہ پیمان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ویسٹرن آسٹریلیا کی آزاد سینیٹر فاطمہ پیمان مئی 2026 میں بیٹی کی پیدائش کے بعد ستمبر میں پارلیمنٹ واپس آئیں۔‘ 
’یہ تصویر ظاہر کرتی ہے کہ ایک ماں کسی بھی صورت حال میں اپنے بچے کی دیکھ بھال کر سکتی ہے۔‘
ایک صارف نے سینیٹر لیڈیا تھورپ کے انداز کو سراہتے ہوئے لکھا کہ ’اس خاتون نے بچی کو کھیل میں مصروف رکھ کر دراصل سینیٹر کی مدد کی، یہ بہت اچھا تعاون ہے۔‘
ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ ’کاش کام کی جگہیں بھی ایسی ہوتیں۔‘ ایک اور نے لکھا کہ ’مجھے ہر وہ خاتون پسند ہے جو کسی ماں کے مصروف ہونے پر فوراً بچے کی دوست بن جاتی ہے۔‘
ایکس پر ایک اور صارف نے اس منظر کو ’جامع جمہوریت‘ کی مثال قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ انڈیا میں بھی خواتین کے لیے ایسا ماحول دیکھنے کو ملے گا۔

اے بی سی نیوز کے مطابق فاطمہ پیمان 1995 میں افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پیدا ہوئیں (فوٹو: اے بی سی)

فاطمہ پیمان کون ہیں؟

فاطمہ پیمان آسٹریلیا کی سیاست میں ایک منفرد شناخت رکھتی ہیں۔ وہ افغان نژاد آسٹریلوی سینیٹر ہیں اور 2022 میں 27 برس کی عمر میں آسٹریلوی پارلیمنٹ کے ایوان بالا کی رکن منتخب ہوئیں۔ 
آسٹریلیا کا قومی نشریاتی ادارہ اے بی سی نیوز کے مطابق فاطمہ پیمان 1995 میں افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پیدا ہوئیں۔ طالبان کے افغانستان میں اقتدار میں آنے کے بعد ان کا خاندان پاکستان منتقل ہوگیا، جہاں کچھ عرصہ گزارنے کے بعد ان کے والد بہتر مستقبل کی تلاش میں آسٹریلیا پہنچے۔
ان کے والد نے آسٹریلیا میں ابتدائی طور پر امیگریشن حراست میں وقت گزارا اور بعد ازاں ٹیکسی ڈرائیور، سکیورٹی گارڈ اور کچن ورکر کے طور پر کام کیا تاکہ اپنے خاندان کو بھی آسٹریلیا بلا سکیں۔ 2003 میں فاطمہ اپنی والدہ اور بہن بھائیوں کے ساتھ آسٹریلیا پہنچیں اور پرتھ شہر میں سکونت اختیار کی۔

فاطمہ چار بہن بھائیوں میں سب سے بڑی ہیں جنہوں نے یونیورسٹی آف ویسٹرن آسٹریلیا سے تعلیم حاصل کی (فوٹو: اے بی سی نیوز)

فاطمہ چار بہن بھائیوں میں سب سے بڑی ہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی آف ویسٹرن آسٹریلیا سے تعلیم حاصل کی اور سیاست میں آنے سے قبل فارمیسی کے شعبے میں بھی کام کیا۔

سیاست میں کیسے آئیں؟

فاطمہ پیمان نے عملی سیاست کا آغاز لیبر پارٹی سے وابستگی کے ذریعے کیا۔ وہ 2014 میں آسٹریلین لیبر پارٹی میں شامل ہوئیں اور نوجوانوں کی سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے لگیں۔
انہوں نے ویسٹرن آسٹریلیا میں ینگ لیبر کی قیادت بھی کی، جبکہ بعد ازاں یونائیٹڈ ورکرز یونین میں آرگنائزر کے طور پر کام کیا، جہاں ان کی ذمہ داریوں میں محنت کشوں کے حقوق اور بہتر اجرت کے لیے آواز اٹھانا شامل تھا۔
2022 کے عام انتخابات میں انہیں لیبر پارٹی کی جانب سے ویسٹرن آسٹریلیا کی سینیٹ نشستوں کے لیے امیدوار نامزد کیا گیا۔ وہ پارٹی کی فہرست میں تیسرے نمبر پر تھیں اور ابتدا میں ان کی کامیابی یقینی نہیں سمجھی جا رہی تھی، تاہم انتخابی نتائج میں لیبر پارٹی کی کامیابی کے بعد انہیں سینیٹ کی آخری دستیاب نشست مل گئی۔

 اکتوبر 2024 میں فاطمہ پیمان نے اپنی سیاسی جماعت ’آسٹریلیاز وائس‘ قائم کی (فوٹو: گیٹی امیجز)

فاطمہ پیمان کو 2024 میں اس وقت عالمی توجہ حاصل ہوئی جب انہوں نے فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے سے متعلق گرینز پارٹی کی قرارداد کی حمایت میں اپنی جماعت کے خلاف ووٹ دیا۔
آسٹریلیا کی لیبر حکومت اس قرارداد کی حمایت نہیں کر رہی تھی، تاہم فاطمہ پیمان نے پارٹی پالیسی سے اختلاف کرتے ہوئے سینیٹ میں دوسری جماعت کے ساتھ ووٹ دیا۔ اس اقدام کے بعد انہیں لیبر پارٹی کے پارلیمانی گروپ سے معطل کیا گیا اور بالآخر انہوں نے جولائی 2024 میں پارٹی چھوڑ دی۔
 اکتوبر 2024 میں انہوں نے اپنی سیاسی جماعت ’آسٹریلیاز وائس‘ قائم کی، اور اب ویسٹرن آسٹریلیا کی نمائندگی کرتے ہوئے سینیٹ کی رکن ہیں۔

شیئر: