Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مغربی ڈانس پر گورنر مکہ کا لڑکیوں کو گرفتار کرنے کا حکم

گورنر مکہ کے مطابق مغربی ڈانس ہماری تہذیب اور اقدار کے خلاف ہے۔ (فوٹو: مرصد)
گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ ہونے والی ڈانس ویڈیو پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ڈانسر اور ویڈیو بنانے والے افراد کی گرفتاری کا حکم صادر کردیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق لڑکیوں پر مشتمل ایک گروپ نے مغربی ڈانس کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ویڈیو اپ لوڈ کی جس میں ڈانسر نے خود کو ’مکہ کی لڑکی‘ کہتے ہوئے اپنا تعارف کرایا۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے متعلقہ اداروں کو احکامات صادر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ گروپ کو گرفتار کرکے واقعہ کی تحقیقات کی جائے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق گورنر نے مذکورہ واقعہ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی موسیقی ہماری ثقافت اور اقدار کے خلاف ہے۔ گورنر نے متعلقہ اداروں کو حکم دیا ہے کہ مذکورہ گروپ کے خلاف تحقیقات کرکے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر مذکورہ ویڈیو اپ لوڈ ہونے کے بعد لوگوں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
اس ضمن میں ایک فاتن نامی ایک صارف نے اپنے ٹویٹ میں مذکورہ گروپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا ہے کہ ’اپنی حجاب و اقدار کا احترام کرو۔کیا تمہیں اس مقدس شہر کے بارے میں معلوم ہے۔ مکہ تمام مسلمانوں کے لیے ریڈلائن ہے۔‘
ایک اور صارف زیڈ ایل شریف نے اپنے ٹویٹ میں تحریر کیا ہے کہ ’میں اور میرا خاندان برسوں سے مکہ میں مقیم ہے۔ اس قسم کی حرکتیں اہل مکہ سے منسوب نہ کی جائیں ۔ یہ لڑکی ہماری نہیں صرف اپنی نمائندگی کرتی ہے‘۔
ایک اور صارف عبداللہ العارضی کا کہنا تھا کہ ’مکہ اور اہل مکہ اس قسم کے فعل سے بری ہیں‘۔
محمد المسمعی نے کہا کہ’اللہ تعالیٰ مکہ اور اہل مکہ کو فتنوں سے محفوظ رکھے‘۔
مقبل المقبل نے کہا کہ ’گورنر خالد الفیصل آپ کا بے حد شکریہ کہ آپ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے اس قسم کی حرکت کرنے والوں کا سدبا ب کیا۔‘
محمد الغامدی کا کہنا تھا کہ ’ یہ کونسی مکہ کی لڑکی ہے جو خود کو اہل مکہ بتاتی ہے اس کا مکہ اور اہل مکہ سے کوئی تعلق نہیں۔ اللہ تعالیٰ مکہ اور اس کی خواتین کو اس لڑکی کے شر سے محفوظ رکھے۔‘
       
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: