Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیوی کو ایڈز منتقل کرنے پر 10 لاکھ ہرجانہ

شوہر نے اپنی بیماری کے بارے میں لاعلم رکھا تھا (فوٹو: سوشل میڈیا)
مصری خانگی امور کی عدالت نے ایڈز میں مبتلا شوہر کو پابند کیا ہے کہ وہ اپنی بیوی کو 10 لاکھ مصری پونڈ (64 ہزار امریکی ڈالر) ہرجانہ ادا کرے۔
شادی سے قبل شوہر ایڈز میں مبتلا تھا جس کی وجہ سے خاتون بھی اس موذی مرض کا شکار ہوگئی۔
مصری اخبار 'الوطن' کے حوالے سے عربی ویب نیوز 'سبق ' کا کہنا ہے کہ قاہرہ کے شمال میں واقع  البحیرہ کمشنری میں ایک خاتون جن کی عمر 20 برس ہے نے اپنے شوہر کے خلاف عدالت میں درخواست دی جس میں کہا گیا تھا کہ وہ اپنے شوہر کی وجہ سے ایڈز میں مبتلا ہوگئی ہیں۔

شوہر نے علاج کے لیے خرچ دینے سے بھی انکار کر دیا تھا (فوٹو: سبق نیوز)

خاتون نے عدالت کے سامنے شوہر کی میڈیکل ہسٹری رکھ دی جس میں ان کے مرض کی تاریخ اورعلاج وغیرہ درج تھا۔ خاتون کا کہنا تھا کہ ان کا شوہر شادی سے قبل ایڈز کا علاج کرا رہا تھا یہ اس کا فرض تھا کہ وہ ان کے والدین کو اپنے مرض کے بارے میں آگاہ کرتا۔
خاتون نے مزید کہا کہ انہیں اپنے مرض کے بارے میں اس وقت معلوم ہوا جب وہ حمل کے سلسلے میں میڈیکل چیک اپ کرانے گئیں۔
مدعیہ نے عدالت سے درخواست کی کہ وہ اس پر بھی صبر کر لیتی مگر جب انہوں نے علاج کے لیے شوہر سے خرچ مانگا جو کہ ماہنہ 750 مصری پونڈ بنتے تھے تو اس نے اخراجات ادا کرنے سے صاف انکار کر دیا۔
خاتون کا دعویٰ اور میڈیکل ہسٹری دیکھ کر عدالت نے شوہر کو پابند کیا کہ وہ علاج اور ہرجانے کے طور پر خاتون کو 10 لاکھ مصری پونڈ ادا کرے۔

شیئر: