Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 مٹھائی بنانے والا کارخانہ سیل،غیر ملکی کارکن گرفتار

کارخانے میں حفظان صحت کے اصولوں کا خیال نہیں رکھا جاتا تھا ( فوٹو: وزارت تجارت)
وزارت تجارت و سرمایہ کاری کی تفتیشی ٹیموں نے القریات کمشنری میں غیرلائسنس یافتہ مٹھائی بنانے والا کارخانہ سیل کرتے ہوئے غیر ملکی کارکنوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
مٹھائی سازی کا غیر قانونی کارخانہ رہائشی مکان میں قائم کیا گیا تھا۔ وزارت تجارت و سرمایہ کاری نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر غیر قانونی مٹھائی بنانے کے کارخانے کے حوالے سے بتایا کہ ملزمان حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انتہائی غیر مناسب انداز میں مٹھائی بناتے تھے۔

  استعمال ہونے والا آٹا اور دیگر اشیا کھلی رکھی جاتی تھی۔ ( فوٹو:  ٹوئٹر وزارت تجارت)

 کارخانے کے بارے میں وزارت تجارت کے کنٹرول روم پر اطلاع ملنے کے بعد  تفتیشی ٹیم نے چھاپہ مارا۔ جس مقام پر مٹھائی تیار کی جاتی تھی وہاں صفائی ستھرائی کا کوئی خیال نہیں رکھا جاتا تھا۔
 مٹھائی بنانے کےلیے مخصوص آٹا اور دیگر سامان بھی کھلا رکھا جاتا تھا۔ اطراف میں صفائی نہ ہونے سے تیار کی جانے والی مٹھائی بھی مضر صحت ثابت ہو سکتی تھی۔
وزارت تجارت کے ذرائع کا کہنا تھا کہ سیل کیے جانے والے کارخانے کے مٹھائی بنانے والے کارکن کسی احتیاطی تدابیر یا حفظان صحت کے اصولوں سے آشنا نہیں تھے جس پر وہاں کام کرنے والے کارکنوں پر قانون شکنی کا مقدمہ درج کرکے انہیں متعلقہ اداروں کے حوالے کر دیا گیا۔

کارخانہ غیر لائسنس یافتہ تھا۔ ( فوٹو:  ٹوئٹروزارت تجارت)

واضح رہے مملکت میں اشیائے خورونوش تیار کرنے والی دکانوں یا کارخانوں کے قیام کے لیے بلدیہ، وزارت تجارت اور صحت کی جانب سے لائسنس جاری کیا جاتا ہے جس کی شرائط مقرر ہیں جبکہ اشیائے خورونوش تیار کرنے والے کارکنوں کا باقاعدہ طبی معائنہ کرانا بھی لازمی ہے۔
اشیائے خورونوش کی صنعت سے منسلک کارکنوں کو میڈیکل کارڈ جاری کیاجاتا ہے جس کے بغیر کوئی کارکن کھانے پینے کی اشیا تیار کرنے اور فروخت کرنے والی دکانوں یا ہوٹلوں میں کام نہیں کر سکتے۔

شیئر: