Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سنگاپور: کورونا سے متاثرہ میاں بیوی کے خلاف مقدمہ

چینی جوڑے کو 7 ہزار ڈالر جرمانہ اور 6 ماہ قید کی سزا ہو سکتی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
سنگاپور میں حکام نے چین سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی پر مقدمہ درج کیا ہے کیونکہ انہوں نے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بارے میں محکمہ صحت سے جھوٹ بولا تھا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بدھ کو حکام نے بتایا کہ چینی جوڑے کے خلاف تحقیقات جاری ہیں کہ کیا ان کی وجہ سے دیگر افراد کورونا سے متاثر ہوئے یا نہیں۔
چین سے گذشتہ سال دسمبر کے وسط میں پھیلنے والے کورونا وائرس سے سنگاپور میں ایک ہزار کے لگ بھگ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ سنگاپور نے اپنے ملک میں ایسے افراد کے داخلے پر پابندی عائد کر رکھی ہے جنہوں نے گذشتہ دو ہفتوں کے دوران چین یا جنوبی کوریا کا سفر کیا ہو۔

 

حکام کے مطابق چین سے آنے والے ’ہو جون‘ کا تعلق ووہان سے ہے۔وہ 22 جنوری کو سنگاپور پہنچے تھے اور ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ 38 سالہ ہو جون سنگاپور میں علاج کے بعد صحت یاب ہو گئے تھے جبکہ ان کی اہلیہ کو قرانطینہ میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
سنگاپور کی وزارت صحت کے حکام کے مطابق چینی جوڑے نے اپنی رہائش اور سفر کے بارے میں غلط معلومات فراہم کی تھیں اور اپنی نقل و حرکت سے حکام کو آگاہ نہیں کیا تھا۔
وزارت صحت نے کہا ہے کہ دونوں پر مقدمہ اس لیے درج کیا گیا ہے کہ ان کی وجہ سے عوام کی صحت خطرات سے دوچار ہوئی۔
اے ایف پی کے مطابق الزام ثابت ہونے پر چینی جوڑے کو سات ہزار ڈالر جرمانہ اور چھ ماہ قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
ایک الگ کیس میں سنگاپور کے امیگریشن حکام نے ایک غیر ملکی شہری کی مستقل رہائشی حیثیت اس وقت ختم کر دی جب انہوں نے چین سے واپسی پر قرانطینہ میں رہنے کے احکامات کی خلاف ورزی کی۔

شیئر: