Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان نے شہزادہ طلال کا جنازہ پڑھا

شہزادہ طلال بن سعود 25 برس تک گورنر ریاض کے دفتر خاص سے منسلک رہے۔فوٹو ایس پی اے
سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے جمعرات کو شاہی خاندان کی اہم شخصیت شہزادہ طلال بن سعود بن عبدالعزیز کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔
سابق سعودی فرمانروا شاہ سعود کے اکیسویں بیٹے تھے۔ ان کا انتقال گزشتہ روز بدھ کو ہوا تھا۔       
شہزادہ طلال بن سعود کی نماز جنازہ ریاض کی امام ترکی بن عبداللہ جامع مسجد میں نماز عصر کے بعد ادا کی گئی۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق نماز جنازہ میں شہزادہ عبداللہ بن عبدالعزیز، شہزادہ مقرن بن عبدالعزیز، گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پیش پیش تھے۔
نماز جنازہ میں شہزادہ طلال کے برادر مشعل، منصور، نایف، سلمان، سطام، مشاری، یزید، سیف الاسلام، جلوی، مصعب، نہار، یوسف، عبدالکریم، حسام اور ان کے بیٹوں میں سعود اور سلمان موجود تھے۔

شہزادہ طلال بن سعود، سابق فرمانروا شاہ سعود کے اکیسوں بیٹے تھے۔ فوٹو ایس پی اے

شاہی خاندان کی اہم شخصیات کے علاوہ مفتی اعلیٰ شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ اور عوامی وفود جنازے میں شریک ہوئے۔
تدفین کے بعد شاہی خاندان کے افراد اور جنازے میں شریک افراد نے شاہ سلمان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
شہزادہ طلال بن سعود کی تدفین ریاض کے شاہی قبرستان العود میں کی گئی ہے۔
شہزادہ طلال بن سعود 1952 میں سعودی دارالحکومت ریاض میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ 25 برس تک گورنر ریاض کے دفتر خاص سے منسلک رہے۔ یہ اس دور کی بات ہے جب شاہ سلمان بن عبدالعزیز ریاض کے گورنر ہوا کرتے تھے۔
باسکٹ بال کی سعودی آرگنائزیشن اور باسکٹ بال کی خلیجی آرگنائزیشن کے چیئرمین بھی رہے۔
شہزادہ طلال بن سعود کے پانچ بیٹے اور بیٹیاں ہیں۔                          
  خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: