Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’غیر ملکی متاثرہ ممالک کا سفر نہ کریں‘

جوازات نے سعودی عرب میں مقیم غیرملکیوں کو خصوصی طور پر احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے( فوٹو: ٹوئٹر)
محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ ’جوازات‘ نے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی حالت میں ان ممالک کا سفرنہ کریں جہاں کورونا کا مرض وبائی صورت اختیار کر چکا ہے۔
جوازات کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ملک میں مقیم غیر ملکی بھی خصوصی طور پر احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی قسم کے وبائی مرض میں مبتلا نہ ہوں۔
عربی ویب نیوز 24 کے مطابق محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’معلومات کے لیے محکمہ کے مصدقہ ذرائع سے رجوع کیا جائے، سوشل میڈیا پر موجود افواہوں پر توجہ نہ دی جائے۔‘
قومی سلامتی مرکز نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ ’صحت کی حفاظت کرنا سب پر لازم ہے۔ کورونا وائرس تیزی سے دوسروں میں منتقل ہوتا ہے اس لیے حفاظتی اقدامات کے پیش نظر عمرہ زیارت پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘

ہوائی اڈوں پر کورونا سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں ( فوٹو: سوشل میڈیا)

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہدایات پر عمل کرتے ہوئے جاپان اور اٹلی کے سفر سے بھی اجتناب برتیں تاکہ وہاں پائے جانے والے  وائرس سے متاثر نہ ہوں۔‘
واضح رہے سعودی عرب میں ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور بری راستوں پر وزارت صحت کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
اس ضمن میں وزارت صحت کی جانب سے احتیاطی تدابیر کے پیش نظر امیگریشن حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آنے والے مسافروں کی ٹریول ہسٹری کی جانچ کریں اور انہیں اس وقت تک کلیئر نہ کیا جائے جب تک یہ یقین نہ ہوجائے کہ وہ براہ راست تو متاثرہ ممالک سے نہیں آ رہے۔

شیئر: