Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پشاور زلمی نے قلندرز کو 16 رنز سے ہرا دیا

راولپنڈی کرکٹ سٹیدیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)  کے 11ویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 16 رنز سے شکست دے دی ہے۔
133 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے لاہور قلندرز کی ٹیم مقررہ 12 اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر صرف 116 رنز بنا سکی۔
قلندرز کی طرف سے کرس لِن 30 اور سمت پٹیل 34 رنز بناکر نمایاں رہے۔ لاہور کے کپتان سہیل اختر 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اوپننگ بیٹسمین فخر زمان 22 رنز بنا کر گریگوری کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔
پشاور زلمی کی جانب سے لیوس گریگوری نے چار جبکہ وہاب ریاض اور محمد عامر خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
مزید پڑھیں
قبل ازیں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
زلمی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 12 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنائے۔ زلمی کی جانب سے حیدر علی اور ٹام بنٹن نے 34، 34 رنز سکور کیے۔
پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور بینٹن نے جارحانہ آغاز کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی اور سلمان ارشاد کے ابتدائی تین اوورز میں 32 رنز بنائے۔
شاہین شاہ آفریدی نے کامران اکمل کی وکٹ حاصل کی لیکن اس وقت تک ان کے خلاف محض دو اوورز میں 25 رنز بن چکے تھے، کامران اکمل 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس میچ میں بینٹن خطرناک فارم میں نظر آئے تاہم 34 کے انفرادی سکور پر وہ اپنی وکٹ ڈیوڈ ویزے کو دے بیٹھے۔
لونگ سٹون بھی پانچ رنز بنا کر ڈیوڈ ویزے کی ہی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ حیدر علی بہت ہی اچھے فارم میں نظر آئے انہوں نے 12 گیندوں پر 34 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلیں۔  ان کی اننگز میں ایک چھکا اور چار چوکے شامل تھے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے دلبر حسین نے سب سے زیادہ چار وکٹیں 24 رنز دے کر حاصل کی۔ ڈیوڈ ویزے نے دو اور شاہین شاہ آفریدی نے 27 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔

زلمی کا فینز کے لیے بڑی سکرین پر میچ دکھانے کا انتظام

دوسری جانب پشاور زلمی نے کرنل شیر خان سٹیڈیم پشاور میں شہریوں کے میچ دیکھنے کے لیے بڑی سکرین نصب کی ہے۔
کرکٹ شائقین لاہور قلندرز اور زلمی کا میچ کرنل شیر خان سٹیڈیم میں بڑی سکرین پر دیکھ کر لطف اندوز ہوئے۔
 

 

شہریوں کی بڑی تعداد فیملیز کے ساتھ سٹیڈیم میں موجود تھی۔
جمعے کو ملتان میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 52 رنز سے شکست دے دی۔
187 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی پوری ٹیم 17 اوورز میں 134 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔  شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر معین علی کو پلیئر آف دے میچ قرار دیا گیا۔

شیئر: