Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ:سبزی منڈی کے کولڈ سٹوریج بند کرنے کا حکم

ہر ایک سوال کررہا ہے پھلوں اور سبزیوں کے نرخ کہاں تک جائیں گے۔فوٹو: سوشل میڈیا
جدہ میونسپلٹی نے شہر کی معروف سبزی اور فروٹ منڈی کے کولڈ سٹوریج بند کرنے کا حکم دیا ہے۔ منڈی جسے ’حلقہ‘ کہا جاتا ہے الصفا محلے میں واقع ہے۔
مکہ اخبار کے مطابق ہر کوئی سوال کر رہا ہے کہ ’اگر پھل و سبزی منڈی کے کولڈ سٹوریج بند کر دیے گئے تو پھلوں اور سبزیوں کے نرخ کہاں تک جائیں گے‘۔
صارفین کے مطابق ’سبزیاں اور فروٹ بغیر کولڈ سٹوریج کے زیادہ وقت تک نہیں رہ سکتے۔ مارکیٹ میں ان کی رسد کم ہوگی اور طلب بڑھ جائے گی جس کی وجہ سے قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں گی‘۔
پھلوں اور سبزیوں کے تاجرو ں کا کہنا ہے کہ ’ہم کولڈ سٹوریج کسی بھی قیمت پر بند نہیں کریں گے۔ ہمارے پاس ان کے لائسنس ہیں بندش کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا‘۔

تاجروں کا دعویٰ ہے کہ میونسپلٹی انتباہ کے بغیر کولڈ سٹوریج بند کرنے جارہی ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)

جدہ میونسپلٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ ’کسی بھی تاجر کے پاس آبادی کے اندر کولڈ سٹوریج چلانے کا لائسنس نہیں ہے۔ میونسپلٹی تاجروں کو کئی مرتبہ جگہ خالی کرنے کے لیے انتباہ کر چکی ہے‘۔
اخبار کے مطابق میونسپلٹی پھلوں اور سبزیوں کے تاجروں کو چار ماہ تک کی مہلت دے گی۔ اس دوران انہیں کولڈ سٹوریج کو نئی جگہ منتقل کرنا ہوگا۔
تاجروں نے شکوہ کیا تھا کہ بندش کے فیصلے سے ان کا سٹاک متاثر ہوگا۔ سبزیوں اور پھلوں کی کمی سے قیمتیں ہوشربا حد تک بڑھیں گی۔
تاجروں کا دعویٰ تھا کہ میونسپلٹی نے پیشگی انتباہ کے بغیر کولڈ سٹوریج بند کرنے کا فرمان جاری کیا ہے۔
’اگر کولڈ سٹوریج بند کردیے گئے تو ذخیرہ شدہ پھل اور سبزیاں جدہ شہر اور اطراف میں پہنچانا ممکن نہیں رہے گا۔ یہاں سے سبزیاں اور پھل جدہ کے علاوہ دیگر شہروں کو بھی بھیجے جاتے ہیں‘۔

شیئر: