Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب ممالک میں کرونا کے مزید مریضوں کی تصدیق

کویت میں دس جبکہ الجزائر میں دو اور مصر میں ایک مریض کی تصدیق ہوئی ہے ( فوٹو: القبس)
خلیجی اور عرب ممالک میں کرونا وائرس کے مزید مریضوں کا انکشاف ہوا ہے جبکہ احتیاطی تدابیر مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کویت میں کرونا وائرس کے مزید دس مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جس کے باعث رمضان المبارک تک ہنگامی حالت کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ الجزائر اور مصر میں بھی نئے مریضوں کا انکشاف ہوا ہے۔
  • کویت
کویتی نیوز ایجنسی (کونا) کے مطابق وزارت صحت نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 10 نئے مریضوں کا انکشاف ہوا ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر عبد اللہ المسند نے کہا ہے کہ ’جن نئے مریضوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے وہ سب ایران گیے ہوئے تھے‘۔
انہوں نے بتایا ہے کہ ’طریقہ کار کے مطابق کرونا وائرس کے تمام مریضوں کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے اور ان کا علاج شروع کردیا ہے‘۔
دوسری طرف مقامی اخبار القبس کے مطابق کرونا وائرس کے انسداد کے لیے ہنگامی حالت کا نفاذ رمضان المبارک تک رہے گا۔

کویت نے مصری تارکین کے داخلے پر پابندی عائد کردی ہے ( فوٹو: سبق)

کویتی وزارت صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ’کرونا نئے مریضوں کا روزانہ کی بنیاد پر انکشاف ہو رہا ہے۔ اس کے باعث ہنگامی حالت کے خاتمے کا اعلان جلد نہیں ہوگا‘۔
ذرائع نے کہا ہے کہ ’رمضان المبارک کے اختتام تک متعلقہ کمیٹیاں کام کرتی رہیں گی۔ اس وقت تک واضح ہوگا کہ کرونا وائرس کی کیا کیفیت ہے‘۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ’اس سال رمضان المبارک مختلف ہوگا۔ روایات کے مطابق خاندانوں کا جمع ہونا انتہائی محدود ہوگا‘۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ’کرونا کی شدت میں کمی نہ ہوئی تو شاید رمضان المبارک میں بازاروں کی رونق بھی متاثر ہوگی‘۔
  • کویت میں مصریوں پر پابندی
دریں اثنا کویتی وزارت داخلہ نے مصری تارکین کی کویت آمد پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’کرونا وائرس کے حوالے سے اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر کے پیش نظر مصر سے کوئی غیر ملکی کسی بھی ویزے پر کویت نہیں آسکتا‘۔
وزارت داخلہ نے کویتی اقاموں کے حامل مصریوں کو استثنی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’جن مصری تارکین کے پاس کویت کے اقامے ہیں وہ اس فیصلے سے مستثنی ہیں‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’اقامہ ہولڈروں کے علاوہ کوئی شخص مصر سے کسی بھی ویزے پر نہیں آسکتا خواہ وہ ورک ویزہ ہو یا وزٹ ویزہ‘۔
  • مصر میں ایک اور مریض
مصری وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’ملک میں کرونا وائرس کے ایک اور مریض کا انکشاف ہوا ہے‘۔
مصری حکام کا کہنا ہے کہ ’کرونا کا مریض غیر ملکی سیاح ہےجسے ایئرپورٹ پر ابتدائی معائنے کے بعد روک لیا گیا تھا‘۔
الشرق الاوسط نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے مصری وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر خالد مجاہد نے کہا ہے کہ ’ایئرپورٹ پر مسافروں کا معائنہ کرنے کے دوران کرونا کے مریض کا انکشاف ہوا ہے جسے قاہرہ کے قرنطینہ سینٹر میں منتقل کر دیا گیا ہے‘۔

مصر میں کرونا وائرس کا شکار مریض غیر ملکی سیاح ہے ( فوٹو: عاجل)

انہوں نے کہا ہے کہ ’اس سے قبل ایک چینی سیاح کرونا وائرس کا شکار تھا جسے ضروری علاج معالجے کے بعد واپس بھیج دیا گیا‘۔
انہوں نے یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ ’مصر کرونا سے پاک ہے۔ وزارت صحت نے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کررکھی ہیں‘۔
قبل ازیں مصری وزیر صحت ڈاکٹر ہالہ زاید نے کہا ہے کہ ’شبے کی بنیاد پر 1443 افراد کا معائنہ کیا گیا ہے۔ تمام افراد کرونا سے پاک نکلے‘۔
  • الجزائر
الجزائر کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’ملک میں کرونا وائرس کے شکار دو مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’کرونا کی مریض دو خواتین ہیں، ان میں سے ایک کی عمر 53 سال ہے، دوسری اس کی بیٹی ہے جس کی عمر 24 سال ہے‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’لیبارٹری ٹیسٹ سے ثابت ہوگیا ہے وہ کرونا وائرس کی حامل ہیں تاہم دونوں میں بیماری کی علامتیں ابھی تک ظاہر نہیں ہوئیں‘۔
وزارت نے بتایا ہے کہ ’دونوں خواتین کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے‘۔
 

شیئر: