Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل: لاہور قلندرز کو پہلی کامیابی

لاہور قلندرز کے بین ڈنک نے 43 بالز پر 93 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی (فوٹو: سوشل میڈیا)
پاکستان سپر لیگ کے سولہویں میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 37 رنز سے شکست دے دی۔ لاہور قلندرز کی پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں یہ پہلی کامیابی ہے۔ اس سے قبل کھیلے گئے تینوں میچوں میں قلندرز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
لاہور قلندرز کے 210 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم آخری اوور کی آخری بال پر 172 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے بین کٹنگ نے سب سے زیادہ 27 بالز پر 53 رنز بنائے۔ محمد نواز 24 اور شین واٹسن 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جیسن روئے صرف 12 رنز بنانے کے سیمت پٹیل کی بال پر بولڈ ہو گئے۔

 

210 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ ایک موقع پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی آدھی ٹیم صرف 79 رنز پر پویلین لوٹ چکی تھی تاہم بین کٹنگ کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت میچ میں شائقین کی دلچسپی برقرار رہی۔ کپتان سرفراز احمد صرف نو رنز بنا کر سیمت پٹیل کی بال پر محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے سلمان ارشاد نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 29 رنز کے عوض گلیڈی ایٹرز کے چار بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ محمد فیضان، سیمت پٹیل اور دلبر حسین نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

کوئٹہ کے بین کٹنگ نے 53 رنز بنانے کے علاوہ دو وکٹیں بھی حاصل کیں (فوٹو: اے ایف پی)

اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔ لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 209 رنز بنائے اور اس کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے بین ڈنک اور سیمت پٹیل نے انتہائی جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ بین ڈنک نے صرف 43 گیندوں پر 93 رنز بنائے اور میچ کی آخری بال پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ بین کٹنگ کی بال پر احسن علی نے ان کا کیچ لیا۔ ان کی جارحانہ اننگز میں 10 چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔ انہوں نے محمد نواز کے ایک اوور میں لگاتار چار چھکے بھی لگائے۔
دوسرے اینڈ پر سیمت پٹیل نے صرف 31 بالز پر اپنی ففٹی مکمل کی۔ انہوں نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 40 بالز پر 71 رنز بنائے اور چھکا لگانے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

لاہور قلندرز کے سیمت پٹیل نے 40 بالز پر 71 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی (فوٹو: سوشل میڈیا)

ایک موقع پر لاہور قلندرز کے 50 رنز پر تین کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے لیکن اس کے بعد بین ڈنک اور سیمت پٹیل نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولرز کو سنبھلنے کا موقعہ نہیں دیا۔ اوپنر فخر زمان 15 رنز بنا کر محمد حفیظ کی بال پر انور علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس وقت قلندرز کا مجموعی سکور 36 تھا۔
قلندرز کے آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی سی اے لِن تھے جنہوں نے 27 رنز بنائے۔ وکٹ کیپر سرفراز احمد نے محمد حسنین کی گیند پر ان کا کیچ لیا۔ محمد حفیظ 50 کے مجوعی سکور پر بغیر کون رن بنائے پہلی ہی بال پر آؤٹ ہو گئے۔ فواد احمد کی بال پر شین واٹسن نے ان کا کیچ لیا۔

جیسن روئے کو 12 رنز پر سیمت پٹیل نے بولڈ کیا (فوٹو: اے ایف پی)

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے بین کٹنگ نے دو جبکہ محمد حسنین، فواد احمد اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے چھ میچز کھیلنے کے بعد 6 پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں۔ اس نے تین میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ تین ہی میچز میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب لاہور قلندرز کی پہلے تین میچوں میں کارکردگی بہت مایوس کن رہی اور اسے تینوں میچز میں شکست ہوئی تاہم چوتھے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کامیابی کے بعد اس کے دو پوائنٹس ہو گئے ہیں۔

شیئر: