Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کوئی ہمارے درمیان نہیں آسکتا‘

سیمی نے اپنے اور جاوید آفریدی کے درمیان اختلافات کی تردید کر دی
پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ٹیم پشاور زلمی کے ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے کپتان ڈیرن سیمی کی حالیہ ٹویٹس نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے اور ہر کوئی اس پر اپنے اپنے انداز میں تبصرہ کر رہا ہے۔
یہ ایشو اس وقت سامنے آیا جب پیر کو کراچی کنگز کے خلاف میچ میں ڈیرن سیمی کو نہیں کھلایا گیا اور انہیں آرام کرنے کو کہا گیا۔ ان کی جگہ ویسٹ انڈیز سے ہی تعلق رکھنے والے بریتھ ویٹ کو موقع دیا گیا اور کپتانی کی ذمہ داری وہاب ریاض کو سونپی گئی۔
مزید پڑھیں
بظاہر دلبرداشتہ ڈیرن سیمی نے پیر کی رات ایک ٹویٹ کر دی کہ ’آپ کی اہمیت اس وقت تک ہے جب تک آپ اپنا ٹاسک مکمل نہیں کر لیتے۔‘
ان کی اس ٹویٹ کو کرکٹ ماہرین اور شائقین نے پشاور زلمی کی انتظامیہ کے ساتھ ان کے مبینہ اختلافات کی وجہ قرار دیا۔  
ڈیرن سیمی نے اس تمام ردعمل کے بعد دوسری ٹویٹ میں پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے یقین نہیں آ رہا کہ میڈیا ایسا سوچے گا کہ کبھی میرے اور جاوید آفریدی کے درمیان اختلاف ہو سکتا ہے۔ میں دراصل اس بات پر ہنس رہا ہوں۔ سنو، میں اس بندے کے ساتھ اپنے بھائی کی طرح پیار کرتا ہوں۔ کیا آپ لوگ سنجیدہ ہیں، پشاور زلمی میرا بچہ ہے اور کوئی ہمارے درمیان نہیں آسکتا۔ بالکل بھی نہیں۔‘
 
معروف سپورٹس اینکر مرزا اقبال بیگ نے ڈیرن سیمی کو کریدنے کی کوشش کی اور ٹویٹ کی کہ ’آپ کا کیا مطلب ہے سیمی؟
ٹوئٹر صارف عنبرین نے لکھا کہ ’آپ پریشان نہ ہوں، پاکستان آپ کو ہمیشہ خوش رکھے گا، پاکستان میں کئی لوگ آپ سے متاثر ہیں۔‘
اویس رضا نے لکھا کہ ’میں آپ کا بہت بڑا پرستار ہوں، لوگ آپ سے محبت کرتے ہیں۔‘
ٹوئٹر صارف ڈاکٹر مجیب بنگش نے تو سیمی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے یہاں تک کہہ دیا کہ ’ہم اپنے کپتان (ڈیرن سیمی) کے بغیر پشاور زلمی کو سپورٹ نہیں کریں گے۔ ہم آپ کو سیلوٹ کرتے ہیں۔‘
واضح رہے کہ پشاور زلمی کے کپتان  ڈیرن سیمی کی خدمات کے اعتراف میں انہیں پاکستان کی اعزازی شہریت اور ملک کا اعلیٰ ترین سول اعزاز دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی پاکستان کرکٹ کے لیے خدمات کے اعتراف میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کو 23 مارچ کو اعلیٰ ترین سویلین اعزاز اور اعزازی شہریت سے نوازیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ بھی اس بات کی تصدیق کر چکا ہے کہ ڈیرن سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت دی جا رہی ہے۔

ڈیرن سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)

پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کی جانب سے اپنی ٹیم کے کپتان ڈیرن سیمی کو پاکستانی شہریت دیے جانے کی درخواست کی گئی تھی۔

شیئر: