Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا کو ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچانے والی جیمیما روڈریگز جو سال قبل تنازعے کا شکار رہیں

جمیما روڈریگز نے آسٹریلیا کے خلاف شاندار 127 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین کرکٹر جیمیما روڈریگز نے آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں 127 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو ایونٹ کے فائنل میں پہنچایا۔
جمعرات کو ممبئی میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں جمیما روڈریگز کی پرفارمنس ان کی زندگی کی بہترین اننگز تھی۔
صرف ایک برس پہلے تک جیمیما روڈریگز ایک مشکل دور سے گزر رہی تھیں۔
انڈین میڈیا کے مطابق گذشتہ برس اکتوبر میں ممبئی کے کھار جمخانہ کلب میں ایک تنازع سامنے آیا جس میں ان کے والد ایوان روڈریگز پر الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے ’برادر ایمانویل منسٹریز‘ کے تحت 18 ماہ میں تقریباً 35 مذہبی اجتماعات کیے۔
کلب کے ضوابط کے مطابق وہاں سیاسی یا مذہبی پروگرام منعقد کرنا منع ہیں جس کے بعد یہ معاملہ سنگین ہو گیا۔
کلب کے ایک رکن شیو ملہوترا نے کہا کہ ’یہ حیران کن تھا کہ ایسی سرگرمیاں ہمارے کلب میں ہو رہی تھیں، یہ سن کر افسوس ہوا۔‘ بعد میں ارکان نے ووٹنگ کے ذریعے فیصلہ کیا کہ جیمیما روڈریگز کی اعزازی رکنیت منسوخ کر دی جائے جو انہیں 2023 میں تین سال کے لیے دی گئی تھی۔
کلب کے صدر وِویک دیونانی نے کہا کہ ’فیصلہ ارکان کی متفقہ رائے سے کیا گیا۔ حالات ایسے تھے کہ ہمیں ایکشن لینا پڑا۔‘
کلب کی جانب سے کیا گیا یہ فیصلہ جیمیما کے لیے بہت تکلیف دہ تھا اور وہ اس دوران دباؤ، تنقید اور ذہنی پریشانی کا شکار رہیں، تاہم انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور خاموشی سے اپنی محنت جاری رکھی۔
جمعرات کو جب انڈیا 338 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں تھا تو جمیما نے پورے اعتماد کے ساتھ بیٹنگ کی۔ ان کی 14 چوکوں پر مشتمل 127 رنز کی اننگز نے انڈیا کو ویمنز ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف کامیابی سے حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
میچ کے بعد جمیما روڈریگز کا اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’یہ سفر میرے لیے بہت مشکل تھا۔ میں اس ٹور کے دوران تقریباً روز روئی ہوں۔ ذہنی طور پر ٹھیک نہیں تھی، مگر میں نے خود سے کہا کہ بس میدان میں پوری کوشش کرنی ہے۔ باقی سب خدا نے سنبھال لیا۔‘

ابتدائی زندگی اور کرکٹ میں سفر

پانچ  ستمبر سنہ 2000 کو ممبئی میں پیدا ہونے والی جمیما بچپن ہی سے کھیلوں میں سرگرم رہی ہیں۔ وہ نہ صرف کرکٹ بلکہ ہاکی میں بھی مہارت رکھتی ہیں۔
ان کے والد ایوان روڈریگز خود کرکٹ کوچ رہے ہیں، انہوں نے اپنی بیٹی کی تربیت گھر ہی سے شروع کی۔ کم عمری میں ہی جمیما نے ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے اور جلد انڈین ویمن ٹیم میں جگہ بنا لی۔

شیئر: