بابر اعظم کا اعزاز، ٹی20 میں انڈیا کے روہت شرما کا ریکارڈ توڑ دیا
جمعہ 31 اکتوبر 2025 21:11
بابر اعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹی20 میچ میں روہت شرما کا ریکارڈ توڑا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سٹار بیٹر بابر اعظم نے انڈیا کے روہت شرما کا ٹی20 میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
بابر اعظم نے یہ اعزاز جمعے کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹی20 میچ کے دوران حاصل کیا۔
اس میچ سے قبل بابر اعظم کو روہت شرما کا ریکارڈ توڑنے کے لیے صرف 9 رنز درکار تھے، چانچہ انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں 18 گیندوں پر 11 رنز کی اننگز کھیل کر یہ کارنامہ سرانجام دیا۔
انہوں نے روہت شرما کا 159 میچوں میں 4 ہزار 231 رنز بنانے کا ریکارڈ توڑا۔ بابر اعظم نے یہ اعزاز 130 میچوں میں 4232 رنز بنا کر اپنے نام کیا۔
بابر اعظم نے ٹی20 انٹرنیشنل میں تین سینچریاں اور 36 نصف سینچریاں بنا کر دنیا میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز میں اپنا نام لکھوایا۔
واضح رہے کہ بابر اعظم نے پاکستان کی جانب سے 134 ایک روزہ میچز میں 6 ہزار 291 رنز بنا رکھے ہیں جن میں 19 سینچریاں اور 37 نصف سینچریاں شامل ہیں۔
اسی طرح انہوں نے 61 ٹیسٹ میچوں میں 9 سینچریوں اور 30 نصف سینچریوں کی مدد سے 4 ہزار 366 رنز بنا رکھے ہیں۔
