Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

زلمی کے شعیب ملک نے 55 بالز پر 68 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی (فوٹو: اے ایف پی)
کراچی کنگز نے پیر کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کو باآسانی 6 وکٹوں سے ہرا دیا ہے۔ کراچی کنگز نے 152 رنز کا ہدف بغیر کسی مشکل کے صرف چار وکٹوں کے نقصان پر 19 ویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل کر لیا۔ 152 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی جانب سے شرجیل خان اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا تاہم اوپنر شرجیل خان صرف چار رنز بنانے کے بعد حسن علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
کراچی کنگز کی جانب سے بابر اعظم اور اے ڈی ہیلز نے شاندار سٹروکس کھیلتے ہوئے صرف چھ اوورز میں کراچی کنگز کا سکور 55 تک پہنچا دیا۔ بابر اعظم نے 44 بالز پر ففٹی سکور کی۔ انہوں نے 10 چوکوں کی مدد سے 59 گیندوں پر ناقابل شکست 70 رنز بنائے۔

مزید پڑھیں

آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی اے ڈی ہیلز تھے جو27 گیندوں پر چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 49 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد یاسر شاہ کی بال پر بولڈ ہو گئے۔اس وقت کراچی کنگز کا مجوعی سکور 105 تھا۔ سی ایس ڈیلپورٹ آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی تھے جو 107 کے مجوعی سکور پر صرف دو رنز بنانے کے بعد یاسر شاہ ہی کی بال پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ کراچی کنگز کی چوتھی وکٹ 147 رنز پر گری جب والٹن 22 رنز بنانے کے بعد بریتھ ویٹ کی بال پر آؤٹ ہوئے۔ پشاور زلمی کی جانب سے یاسر شاہ نے دو جبکہ حسن علی اور بریتھ ویٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے پندرہویں میچ میں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کراچی کنگز کو جیتنے کے لیے 152 رنز کا ہدف دیا تھا۔

بابر اعظم نے 50 بالز پر ناقابلِ شکست 70 رنز کی اننگز کھیلی (فوٹو: اے ایف پی)

اس سے قبل پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور ٹام بینٹن نے اننگز کا آغاز کیا۔ ٹام بینٹن بغیر کوئی رن بنائے میچ کی پہلی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ انہیں محمد عامر نے آؤٹ کیا۔ ون ڈاؤن پر حیدر علی بیٹنگ کے لیے آئے اور انہوں نے پہلی ہی بال پر محمد عامر کو چوکا لگا دیا تاہم عامر نے اس سے اگلی ہی گیند پر چار کے مجوعی سکور پر انہیں کلین بولڈ کر دیا۔
زلمی کے آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی اِن فارم بیٹسمین کامران اکمل تھے جوعامر یامین کی بال پر بابر اعظم کے ہاتھوں 10 کے مجوعی سکور پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ پشاور زلمی کے آؤٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی لیونگ سٹون تھے جو 25 رنز بنانے کے بعد عمر خان کی گیند پر باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے۔ زلمی کو پانچواں نقصان 114 رنز پر اٹھانا پڑا جب لیوس گریگری 25 رنز بنانے کے بعد عماد وسیم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

ان فارم کامران اکمل صرف چار رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے (فوٹو: اے ایف پی)

پشاور زلمی کی چھٹی وکٹ 136 پر گری جب بریتھ ویٹ آٹھ رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر والٹن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ زلمی کو ساتواں نقصان 145 رنز پر ہوا جب وہاب ریاض صرف دو رنز بنانے کے بعد والٹن کی بال پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
زلمی کے آؤٹ ہونے والے آٹھویں کھلاڑی شعیب ملک تھے جو 150 کے مجوعی سکور پر جارڈن کی بال پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ والٹن نے ان کا کیچ لیا۔ انہوں نے 55 بالز پر 68 رنز کی اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور چھ چوکے شامل تھے۔
کراچی کنگز کی جانب سے محمد عامر نے چار، جارڈن نے دو جبکہ عامر یامین اور عمر خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

محمد عامر نے پشاور زلمی کے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی (فوٹو: اے ایف پی)

پی ایس ایل پوائنٹس ٹیبل

پی ایس ایل میں اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر ایونٹ میں شریک چھ ٹیموں میں سے ملتان سلطان سرفہرست ہے۔ ملتان سلطان نے پانچ میچز میں سے چار جیت کر 8 پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں اور اس نے صرف ایک میچ ہارا ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پانچ میچز کھیلنے کے بعد 6 پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں۔ اس نے تین میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ دو میچز میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پشاور زلمی کو ہرانے کے بعد کراچی کنگز پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر آگئی ہے۔ کراچی نے پانچ میچز کھیل کر 6 پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔ تین میچز میں اسے کامیابی ملی ہے جبکہ دو میچز میں اسے ناکامی ہوئی ہے۔

ہیلز نے 27 بالز پر 6 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 49 رنز بنائے (فوٹو: اے ایف پی)

اسلام آباد یونائیٹڈ 5 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر ہے۔ اس نے دو میچز جیتے ہیں جبکہ تین میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔  پشاور زلمی چھ میچز کھیل کر 5 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ زلمی نے دو میچز جیتے اور تین ہارے ہیں۔
لاہور قلندر کی اب تک کی کارکردگی بہت مایوس کن رہی ہے۔ اس نے تین میچز کھیلے ہیں اور تینوں میں اسے شکست ہوئی ہے۔ اس طرح وہ ابھی تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کر سکی۔

شیئر:

متعلقہ خبریں