Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران میں وزیر خارجہ کے مشیر سمیت کورونا سے کل 124 ہلاکتیں

کورونا وائرس کی وجہ سے اب تک چھ ایرانی سیاستدان اور حکومتی عہدیدار ہلاک ہو چکے ہیں (فوٹو: مہر)
ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کے مشیر حسین شیخ الااسلام کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاک ہو گئے ہیں۔
ایران میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 124 ہو چکی ہے اور اس سے اب تک چار ہزار 747 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق حسین شیخ الااسلام ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کے مشیر تھے اور زمانہ طالب علمی میں ’ایرانی انقلاب‘ کے دوران وہ تہران میں امریکی سفارتی عملے کے 52 افراد کو یرغمال بنانے والوں میں سے ایک تھے۔
یاد رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اب تک چھ ایرانی سیاستدان اور حکومتی عہدیدار ہلاک ہو چکے ہیں۔
اس سے قبل کورونا وائرس سے ایران کے دیگر اعلی حکومتی عہدیداروں کی ہلاکت بھی ہو چکی ہے جن میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے مشیر محمد میر محمدی بھی شامل ہیں۔
ان کے علاوہ کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہونے والے صوبے گیلان سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمنٹ محمد علی رمیزانی اور وزارت زراعت کے سینئیر اہلکار مجتبیٰ پور خان علی بھی اسی وائرس کی وجہ سے ہلاک ہوچکے ہیں۔
اس سے قبل ایرانی عدلیہ کے چیف حادی خسروشاہی کے مشیر احمد تویسرقانی اور ایک دینی عالم کے سیکریٹری مجتبیٰ فزیلی بھی کورونا وائرس سے ہلاک ہوئے۔

ایران میں کورونا وائرس تمام 31 صوبوں میں پھیل چکا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

ایران میں کچھ حکومتی عہدیدار بھی ایسے ہیں جن میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔
ان میں نائب صدر معصومہ ابتقار، ممبر پارلیمنٹ فاطمی رہبر، ڈپٹی ہیلتھ منسٹر اراج ہریرچی اور دینی عالم موسی شوبیری زنجانی شامل ہیں۔
ایران میں کورونا وائرس تمام 31 صوبوں میں پھیل چکا ہے اور اس کی وجہ سے تمام سکولز اور کالجز کو بند کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کام کرنے کے اوقات کو کم کر دیا گیا ہے اور بڑی ثقافتی تقریبات پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔

شیئر: