Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’صرف اسلام کے راستے پر چلوں گا‘: فیروز خان

اس سے قبل فیروز خان نے اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ ڈلیٹ کردیا تھا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
حالیہ دنوں میں پاکستانی شوبز کی دنیا سے تعلق رکھنے والے کئی ستاروں نے اپنے اداکاری کے کرئیر کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں ایک نیا اضافہ فیروز خان کا ہے جنہوں نے شوبز کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا ہے۔
ٹوئٹر پر اپنے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے فیروز خان نے لکھا کہ ’میرے مداح میری طرف سے بیان کے منتظر تھے۔ میں صرف اسلام کے بتائے ہوئے راستے پر چلوں گا اور اپنی خدمات اسی کے لیے وقف کر دوں گا۔‘
فیروز خان کی اہلیہ نے فروری میں سوشل میڈیا پر لکھا تھا کہ ان کے شوہر دین کی راہ میں نکل گئے ہیں اور اس پر ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا تھا۔
اس سے قبل فیروز خان نے اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ ڈلیٹ کردیا تھا جس کے بعد کہا جا رہا تھا کہ وہ شوبز چھوڑ دیں گے۔ لوگ یہ بھی کہہ رہے تھے کہ فیروز خان نے معروف عالم دین مولانا طارق جیمل سے بھی ملاقات کی تھی جس کے بعد انہوں نے روحانی سفر کا آغاز کیا۔
فیروز خان کے شوبز چھوڑنے کے ٹویٹ کے بعد ٹوئٹر صارفین نے اس پر اپنی رائے دینے کا سلسلہ شروع کردیا۔
ڈاکٹر عائشہ نوید نامی ایک صارف نے لکھا ’مجھے لگتا ہے آپ کو میڈیا نہیں چھوڑنا چاہیے۔ آپ ایسی فلمیں اور ڈرامے کر سکتے ہیں جس سے لوگوں کو اچھی باتیں سکھائی جا سکیں۔ آپ بہت صلاحیت رکھتے ہیں اور آپ کو کام کرتے رہنا چاہیے۔‘

 

فیروز خان کے اعلان پر زیادہ تر ٹوئٹر صارفین تعریف ہی کرتے پائے گئے۔
جنت نامی ایک ٹوئٹر صارف نے اس پر ماشااللہ لکھا لیکن کہا ’میں آپ سے گزارش کرتی ہوں کہ اب کچھ مہینوں بعد یہ بیان نہ دینا کہ میں نے تو بریک لیا تھا تاکہ دین کی طرف توجہ دے سکوں اور ایکٹنگ حرام نہیں ہے جیسا کہ حمزاہ نے بتایا۔۔۔‘

یاد رہے کہ اس سے پہلے شوبز انڈسٹری کے سٹار حمزہ علی عباسی نے اداکاری کو کچھ عرصے کے لیے چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
گذشتہ سال نومبر میں حمزہ علی عباسی نے اعلان کیا تھا کہ وہ اسلام کا پیغام پھیلانے کے لیے شوبز چھوڑ رہے ہیں۔
اداکاری سے بریک کی وجہ بیان کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ ’مذہب سے اپنا تعلق مضبوط کرنے کے لیے یہ اقدام اُٹھایا ہے اور مذہب کے دائرے میں رہتے ہوئے کسی نئے پروجیکٹ میں نظر آؤں گا۔‘
اُنہوں نے اپنے ایک وڈیو پیغام میں کہا تھا کہ اگر وہ کوئی دستاویزی فلم یا ڈرامہ بنائیں گے تو وہ بھی اسلام کے بارے میں ہی ہوگا۔ اس وڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کافی تبصرے کیے گئے تھے۔
تاہم اب حمزہ علی عباسی کا کہنا ہے کہ کنارہ کشی کا یہ مطلب نہیں ہے کہ وہ شوبز کو چھوڑ رہیں ہیں۔

شیئر: