Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملتان نے اسلام آباد کو 9 وکٹوں سے ہرا دیا

پاکستان سپر لیگ کے اہم میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو با آسانی نو وکٹوں سے شکست دے دی۔
سلطانز نے 92 رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر 6.4 اوورز میں پورا کیا۔ 
راولپنڈی میں بارش اور گیلی آؤٹ فیلڈ کے سبب میچ  تاخیر سے شروع ہوا، جس کی وجہ سے میچ کو نو اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا۔
 
ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کے اوپنر جیمز وینس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 24 گیندوں پر 61 رنز بنائے۔  جیمز وینس کو شاندار کارکردگی پر مین آف دے میچ قرار دیا گیا۔
معین علی نے پانچ گیندوں پر 14 رنز سکور کیے۔
سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز ذیشان اشرف اور جیمز وینس نے کیا۔  جیمز وینس نے 20  گیندوں پرنصف سینچری مکمل کی۔
ملتان کو واحد نقصان ذیشان اشرف کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 16 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر انہیں کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 92 رنز کا ٹارگٹ دیا۔
مقررہ نو اوورز میں یونائیٹڈ نے سات وکٹوں کے نقصان پر 91 رنز بنائے۔
یونائیٹڈ کی جانب سے  لیوک رونکی اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا۔ لیوک رونکی 18 رنز بنا کر جنید خان کی گیند پر رلی روسو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے
کولن منرو کو عمران طاہر نے آؤٹ کیا۔ وہ 25 رنز بنا کر سہیل تنویر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے تین چھکے اور ایک چوکا لگایا۔
یونائیٹڈ کو تیسرا نقصان کولن انگرم کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ وہ معین علی کی گیند پر جیمز وینس کو کیچ تھما بیٹھے۔
اسلام آباد کے کپتان شاداب خان عمران طاہر کا شکار بنے۔ وہ 12 رنز بنا کر معین علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے عمران طاہر اور جنید خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں (فوٹو: ٹوئٹر)

آصف علی چار رنز بناکر جنید خان کی گیند ہر انہیں ہی کیچ تھما بیٹھے۔ 
یونائیٹد کی چھٹی وکٹ 81 کے مجموعی سکور پر گری جب رضوان حسین رن آؤٹ ہوئے۔ عماد بٹ بھی رن آؤٹ ہوئے۔ 
ملتان سلطانز کی جانب سے عمران طاہر اور جنید خان نے دو دو جب کہ معین علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ 
راولپنڈی میں اتوار کی صبح  ہونے والی بارش کے سبب پنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے آؤٹ فیلڈ میں پانی جمع تھا جس کی وجہ سے میچ مقررہ وقت دپہر دو بجے شروع نہیں ہوسکا۔ اب میچ چار بجے شروع ہوگا  اور میچ کو نو اوورز ایک اننگز تک محدود کر دیا گیا ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سلطانز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔
پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز کی ٹیم چھ میچوں میں سے چار جیت کر نو پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے آٹھ میں سے تین میچ جیتے ہیں اور اس کے چھ پوائنٹس ہیں۔
اگر آج کے میچ میں یونائیٹڈ کو شکست ہوتی ہے توان کے  پلے آف تک رسائی کے امکانات کم ہو سکتے ہیں۔

اتوار کو دوسرے میچ میں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں میزبان لاہور قلندرز کا مقابلہ کراچی کنگز سے ہو گا۔

شیئر: