Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بارش سے متاثرہ میچ میں زلمی فاتح قرار

پاکستان سپر لیگ فائیو کے پانچویں ایڈیشن کا راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے 20 ویں میچ میں ڈک ورتھ میتھیڈ کے تحت پشاور زلمی کی اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف سات رنز سے فتح ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ ڈک ورتھ لیویز میتھیڈ کرکٹ کی اصطلاح ہے جسے موسم یا کسی اور وجہ سے میچ رک جانے کی صورت میں استعمال کیا جاتا ہے۔
اس سے قبل میچ بارش کی وجہ سے روک دیا گیا تھا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 196 رنز کا ہدف دیا تھا۔
میچ رکنے سے پہلے زلمی نے ہدف کے تعاقب میں دو وکٹوں کے نقصان پر نو اوورز میں 85 رنز بنائے تھے۔
پہلی اننگز میں شاداب خان  جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 41 گیندوں پر 77 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شاداب کے چھکوں پر رمیز راجہ نے اردو میں کمنٹری کرتے ہوئے کہا کہ یونائیٹڈ کی رفتار ٹرک سے تھوڑی سی تیز ہے۔ شاداب پی ایس ایل فائیو میں 13 چھکے لگا کر اس وقت پہلے نمبر پر ہیں۔ 
یونائیٹڈ کو پہلا بڑا نقصان اوپنر لیوک رونکی کی صورت میں ہوا جو راحت علی کی گیند پر وہاب ریاض کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
 
حسن علی بولنگ کے لیے آئے تو انہوں نے اپنی پہلی ہی گیند پر رضوان حسین کو کلین بولڈ کر دیا۔ ان کے بعد منرو نے بہترین بیٹنگ کی لیکن وہ ففٹی بنا کر کارلوس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ لیام لیونگ سٹون مشکل ترین کیچ پکڑ داد حاصل کی۔ حسن علی نے زلمی کی دوسری وکٹ انگرم کو آؤٹ کر کے حاصل کی۔ وہاب ریاض کی گیند پر شاداب خان اؤٹ ہوئے۔
زلمی کی فلیڈنگ آج کے میچ میں قابل داد نہیں تھی۔ شعیب ملک کی بال پر وہاب نے کولن منرو کا کیچ چھوڑ دیا جس کے بعد شعیب ملک کے تاثرات کچھ اچھے نہیں تھے۔ تاہم بعد ازاں شعیب ملک نے بھی راحت علی کی بال پر کولن انگرم کا کیچ چھوڑا اور پھر اس کے بعد وہاب ریاض کی گیند پر شاداب خان کا کیچ چھوڑا جس سے زلمی ایک بڑی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام ہوئی۔ پھر وہاب ریاض کی بال پر حیدر علی کیچ ڈراپ کیا۔  زلمی نے اس میچ میں چھ کیچز چھوڑے ہیں۔
پشاور زلمی نے ٹاس جیت پہلے فلیڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
پی ایس ایل فائیو میں دونوں ٹیموں کا یہ دوسرا ٹاکرا ہے۔ پہلا میچ راولپنڈی میں کھیلا جانا تھا مگر اسے بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا تھا جس سے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ حاصل ہوا تھا۔
پوائنٹس ٹیبل پر زلمی اور یونائیٹڈ کی پوزیشن کچھ اس طرح سے ہے کہ دونوں ٹیموں نے آٹھ آٹھ میچز کھیلے ہیں۔ پشاور نے آٹھ میں سے چار جبکہ اسلام آباد نے تین میچز جیتے ہیں۔ اس طرح پوائنٹس ٹیبل پر زلمی نو پوائینٹس کے ساتھ دوسرے اور اسلام آباد سات پوائنٹس لے کر تیسرے نمبر پر ہے۔
پی ایس ایل کا سفر
پاکستان سپر لیگ کا آغاز 2016 میں ایک ایسے وقت میں ہوا تھا جب غیر ملکی ٹیمیں اور کھلاڑی امن و امان کی صورت حال کی وجہ سے پاکستان آنے سے انکاری تھے۔ اس لیے ٹورنامنٹ کا افتتاحی ایڈیشن مکمل طور پر متحدہ عرب امارت کے شہروں شارجہ اور دبئی میں کھیلا گیا تھا۔
تاہم دوسرے ایڈیشن سے ٹورنامنٹ کی بتدریج پاکستان منتقلی کا آغاز ہوا۔ 2017 میں پی ایس ایل ٹو کا فائنل لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان مقابلہ ہوا۔
2018 میں ٹورنامنٹ کے تیسرے ایڈیشن کے تین میچز پاکستان میں ہوئے جن میں دو پلے آف اور فائنل میچ شامل تھے۔ گذشتہ سال پی ایس ایل فور کے آٹھ میچز پاکستان میں ہوئے۔
پی ایس ایل کا انعام
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پی ایس ایل 2020 میں کُل 10 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔
پی ایس ایل فائیو کی فاتح ٹیم کو ایونٹ کی ٹرافی کے ہمراہ پانچ لاکھ ڈالر کی انعامی رقم بھی ملے گی، جب کہ پی ایس ایل فائیو کی رنراپ ٹیم دو لاکھ ڈالر وصول کرے گی۔

شیئر: