Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سلطانز اور کراچی کنگز کا میچ بارش کی نذر

اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 52 رنز سے ہرایا تھا (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن میں کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہونے والا میچ بارش کی نذر ہو گیا ہے۔
جمعے کو ہونے والے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر ملتان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ جب 17ویں اوور میں میچ بارش کے باعث روک دیا گیا تو ملتان سلطانز کا سکور چھ وکٹوں کے نقصان پر 102 رنز تھا۔  
اس کے بعد متواتر بارش ہوتی رہی اور میچ دوبارہ شروع نہ ہوسکا۔ رات پونے 11 بجے امپائرز نے مسلسل بارش کی وجہ سے میچ ختم کرنے کا اعلان کیا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔ 
قذافی سٹیڈیم میں ملتان سلطانز کی ٹیم اننگز کی ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہی۔ 17 رنز کے مجموعی سکور پر ذیشان اشرف پویلین لوٹ گئے۔
معین علی نے 22 گیندوں پر 29 رنز بنائے تاہم 37 کے مجموعی سکور پر عامر یامین نے لگاتار دو گیندوں پر معین علی اور رلی روسو کو آؤٹ کر دیا۔ روسو بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔
ذیشان اشرف دو رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر کرس جورڈن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
روی بوپارا کا بھی وکٹ پر قیام بہت ہی مختصر رہا اور وہ چار رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ سلطانز کے کپتان شان مسعود بھی ناکام رہے اور صرف نو رنز بنا کر عماد دسیم کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
خوشدل شاہ عمر خان کی گیند پر کرس جورڈن کے ہاتھوں کیچ  آؤٹ ہوئے۔ وہ صرف آٹھ رنز ہی بنا سکے۔ جب بارش شروع ہوئی تو شاہد آفریدی اور سہیل تنویر کریز پر موجود تھے۔ آفریدی نے 17 گیندوں پر 35 رنز بنائے تھے۔ 
قبل ازیں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
خیال رہے کہ ملتان سلطانز  پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر موجود ہے۔
اس سے قبل پی ایس ایل فائیو میں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 52 رنز سے ہرایا تھا۔
ملتان سلطانزکے برعکس کراچی کنگز پانچ میں سے تین میچز جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر ہے۔
پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں دونوں ٹیمیں چھ مرتبہ آمنے سامنے آچکی ہیں جس میں سے تین میچز ملتان نے جیتے، ایک میچ کراچی کے نام رہا جبکہ دو  میچز بے نتیجہ رہے۔
کراچی کنگز ٹیم: شرجیل خان، بابر اعظم، اے ڈی ہیلز، افتخار احمد، عماد وسیم، عامر یامین، سی جے جورڈن، ایم جے میک کلنگان، محمد عامر اور عمر خان
ملتان سلطانز ٹیم: ذیشان اشرف، شان مسعود، معین علی، رلی روسو، آر ایس بوپارا، خوشدل شاہ، شاہد آفریدی، سہیل تنویر، محمد الیاس، عمران طاہر اور محمد عرفان

شیئر: