Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران میں کورونا وائرس سے ایک دن میں 49 ہلاکتیں

ایران میں اب تک سات سیاستدان اور سرکاری اہلکار بھی کورونا سے ہلاک ہوچکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
ایران میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 49 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ ایران میں ایک دن کے دوران کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی اب تک سب سے زیادہ تعداد ہے۔
ایران میں اس وائرس سے اب تک کل 194 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔
چین کے بعد کورونا وائرس کی وجہ سے سب سے زیادہ ہلاکتیں ایران میں ہوئی ہیں، یہ وائرس ایران کے تمام 31 صوبوں میں پھیل چکا ہے اور متاثرین کی تعداد سات ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ان حالات کے پیش نظر ایران نے یورپ کے ساتھ پروازیں غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی ہیں جبکہ عراق نے ایران کے ساتھ اپنی سرحدیں بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
چین سمیت دنیا میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 36 سو کے قریب پہنچ چکی ہے اور ایک لاکھ سے زائد افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ ہلاک ہونے ہونے والے زیادہ تر افراد کا تعلق چین سے ہے۔
ایران میں کورونا وائرس حکومتی اداروں میں بھی پہنچ چکا ہے اور اس سے اب تک سات ایرانی سیاستدان اور اعلی ریاستی اہلکار بھی ہلاک ہو چکے ہیں۔
جمعے کو ایرانی پارلیمنٹ کی ایک اور رکن کورونا وائرس کا شکار ہونے کے باعث ہلاک ہو گئی تھیں۔
ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی تسنیم کے مطابق کورونا وائرس کا نشانہ بننے والی 55 سالہ فاطمی رہبر کا تعلق تہران سے تھا اور وہ ایک قدامت پسند قانون ساز تھیں۔ وہ حال ہی میں ایرانی پارلیمنٹ کی رکن منتخب ہوئی تھیں۔

چین کے بعد ایران میں کورونا سے سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

جمعرات کو ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کے مشیر حسین شیخ الااسلام بھی کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاک ہوگئے تھے۔
کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے مشیر محمد میر محمدی بھی شامل ہیں۔
ان کے علاوہ کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہونے والے صوبے گیلان سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمنٹ محمد علی رمیزانی اور وزارت زراعت کے سینیئر اہلکار مجتبیٰ پور خان علی بھی اسی وائرس کی وجہ سے ہلاک ہوچکے ہیں۔
اس سے قبل ایرانی عدلیہ کے چیف حادی خسروشاہی کے مشیر احمد تویسرقانی اور ایک دینی عالم کے سیکریٹری مجتبیٰ فزیلی بھی کورونا وائرس سے ہلاک ہوئے تھے۔
ایران میں کچھ حکومتی عہدیدار بھی ایسے ہیں جن میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔
ان میں نائب صدر معصومہ ابتقار، ممبر پارلیمنٹ فاطمی رہبر، ڈپٹی ہیلتھ منسٹر اراج ہریرچی اور دینی عالم موسی شوبیری زنجانی شامل ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہے (فوٹو: اے ایف پی)

کورونا وائرس کی وجہ سے ملک میں حکام نے تمام سکولز اور کالجز کو بند کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کام کرنے کے اوقات کو کم کر دیا گیا ہے اور بڑی ثقافتی تقریبات پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ جبکہ اس مرض سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد ساڑھے تین ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

شیئر: