Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا :سعودی عرب میں اب تک پانچ لاکھ افراد کی سکریننگ

اس کاعلاج انتہائی نگہداشت کے شعبے میں کیا جارہا ہے(فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹرمحمد العبد العالی نے پھر کہا ہے کہ’سعودی عرب میں کورونا کے تمام مریضوں کی صحت تسلی بخش  اور خطرے سے باہر ہے‘۔
ترجمان کے مطابق امریکی شہری کی حالت نازک ہے۔ اس کاعلاج انتہائی نگہداشت کے شعبے میں کیا جارہا ہے۔ اس وقت اسے مصنوعی تنفس دیا جارہا ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا ہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کی کل تعداد 20  ہو چکی ہے۔ ان میں سے 10مرد اور 10خواتین ہیں۔ کوئی بچہ  کورونا وائرس کا مریض نہیں ہے۔

وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا ہے مریضوں کی کل تعداد 20  ہو چکی ہے۔(فوٹو اخبار24)

اخبار 24 کے مطابق ڈاکٹر العبد العالی نے  واضح کیا کہ مریضوں میں سے 7 ایسے ہیں جو ایران سے پہنچے تھے، تین عراق سے آئے تھے اور تین عراق اور ایران کے راستے آئے، دو کا تعلق مصر سے ہے۔ ایک اٹلی سے گزرتے ہوئے فلپائن سے سعودی عرب پہنچا تھا۔
دیگر 4 مریضوں کا تعلق کورونا وائرس کے مریضوں سے ملنے والوں سے ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ مشرقی ریجن میں کورونا کے مریضوں کو مکمل طبی نگہداشت فراہم کی جارہی ہے۔ ایک مریض کا علاج ریاض اور ایک کا مکہ مکرمہ میں کیا جارہا ہے۔

سعودی عرب اب تک  5  لاکھ افراد کا طبی معائنہ کرچکا ہے۔(فوٹو سوشل میڈیا)

ڈاکٹر العبد العالی نے اطمینان دلایا ہے کہ کورونا کے مریضوں سے ملنے والوں کی تعداد 800 ہے۔ ان سب سے متعلق معلومات جمع کرلی گئی ہیں اور ان کی سلامتی کی خاطر تمام احتیاطی صحت تدابیر اپنا لی گئی ہیں۔
وزارت صحت کے ترجمان کا کہناتھا کہ 2032 افراد کو گھروں میں الگ تھلگ کردیا گیا ہے۔ صحت ادارے ان پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ 468 قرنطینہ میں ہیں۔
سعودی عرب اب تک ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں پر 5  لاکھ افراد کا طبی معائنہ کرچکا ہے۔

شیئر: