Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملتان اور کوئٹہ کا میچ بارش کے باعث منسوخ

ملتان سلطانز 11 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر بدستور سرفہرست ہے
پاکستان سپر لیگ فائیو کا اہم میچ آج بدھ کو ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جانا تھا۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہونا تھا تاہم لاہور میں بارش کی وجہ سے میچ منسوخ کر کے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔
 
خیال رہے کہ ملتان سلطانز پہلے ہی پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔ آج کے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی شکست کی صورت میں  ان کے اگلے مرحلے تک رسائی مشکل ہو جائے گی۔  
پاکستان سپر لیگ فائیو کے پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز 11 پوائنٹس کے ساتھ بدستور سرفہرست ہے۔ اس نے سات میں سے پانچ میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ ایک میں اسے شکست ہوئی ہے۔
پشاور زلمی نے نو میچز کھیلے ہیں، چار میں اس نے فتح حاصل کی ہے، چار میں ہی اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہو گیا تھا۔ زلمی کے پاس 9 پوائنٹس ہیں اور پوائنٹس ٹیبل پر اس کی دوسری پوزیشن ہے۔

ملتان سلطانز پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم ہے (فوٹو: ٹوئٹر)

شروع کے لگاتار تین میچز ہارنے والی لاہور قلندرز پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر ہے۔ اس نے کل آٹھ میچز کھیلے ہیں جن میں سے چار جیتے ہیں اور چار میں ہی اسے شکست ہوئی ہے۔ اس طرح قلندرز کے 8 پوائنٹس ہیں۔
دو مرتبہ کی پی ایس ایل چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن ہے۔  اسلام آباد نے نو میں سے صرف تین میچز جیتے، پانچ ہارے جب کہ ایک میچ  بارش کی نذر ہوگیا۔ اس طرح اس کے 7 پوائنٹس ہیں۔

کراچی کنگز 7 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر ہے۔ کراچی نے سات میچز کھیلے ہیں جن میں سے اسے تین میں کامیابی اور تین میں ناکامی ہوئی ہے جب کہ ایک میچ بارش کی نذر ہو گیا۔
دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز لگاتار چار میچز ہارنے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر چھٹی اور آخری پوزیشن پر ہے۔ آٹھ میچز کھیلنے کے بعد اس کے 6 پوائنٹس ہیں۔ کوئٹہ نے صرف تین میچز جیتے ہیں جبکہ پانچ میں اسے شکست ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ ملتان سلطانز پی ایس ایل فائیو کے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم ہے۔

شیئر: