پی ایس ایل 2026 کے لیے کھلاڑیوں کی بولی کا طریق کار کیا ہو گا؟
اتوار 25 جنوری 2026 16:43
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پی ایس ایل 11 کا پلیئرز آکشن 11 فروری کو منعقد ہوگا (فائل فوٹو: پی سی بی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 2026 کے پلیئر آکشن کی باضابطہ تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں۔
پی ایس ایل انتظامیہ کے مطابق پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کھلاڑیوں کا انتخاب ڈرافٹ کے بجائے آکشن سسٹم کے تحت کیا جائے گا۔
پی ایس ایل 2026 کا پلیئر آکشن 11 فروری کو منعقد ہوگا، جس میں تمام فرنچائزز اپنے سکواڈز کی تشکیل کریں گی۔
سکواڈ سائز اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی تعداد کتنی ہو گی؟
پی ایس ایل 2026 میں ہر ٹیم کا سکواڈ 16 سے 20 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا۔
ہر فرنچائز کو اپنے سکواڈ میں کم سے کم پانچ سے اور زیادہ سے زیادہ سات غیر ملکی کھلاڑی شامل کرنے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ پلیئنگ الیون میں کم سے کم تین اور زیادہ سے زیادہ چار غیر ملکی کھلاڑیوں کی شمولیت لازمی قرار دی گئی ہے۔
ان قوانین کا مقصد لیگ میں توازن اور مسابقت کو برقرار رکھنا ہے۔
نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مواقع
پی ایس ایل 2026 میں نوجوان ٹیلنٹ کو نمایاں مواقع دینے کے لیے ہر ٹیم کے سکواڈ میں کم از کم دو ان کیپڈ انڈر 23 کھلاڑیوں کی شمولیت لازمی ہوگی۔
اس کے علاوہ پلیئنگ الیون میں بھی کم از کم ایک ان کیپڈ انڈر 23 کھلاڑی کو موقع دینا ضروری ہوگا، تاکہ ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو اعلیٰ سطح پر کھیلنے کا تجربہ مل سکے۔
کنٹریکٹس اور ریٹینشن پالیسی
پی ایس ایل 2026 میں منتخب ہونے والے تمام کھلاڑیوں کو دو سالہ کنٹریکٹس دیے جائیں گے۔

پی ایس ایل 11 کے بعد فرنچائزز کو سات کھلاڑیوں کو ریٹین کرنے کی اجازت ہوگی، جبکہ پی ایس ایل 12 کے بعد ہونے والے گرینڈ آکشن میں زیادہ سے زیادہ پانچ کھلاڑی ریٹین کیے جا سکیں گے۔
فرنچائز پرس اور براہِ راست غیر ملکی سائننگ
پی ایس ایل 2026 کے لیے ہر فرنچائز کا بیس پرس 45 کروڑ روپے مقرر کیا گیا ہے، جسے بڑھا کر ساڑھے 50 کروڑ روپے تک کیا جا سکتا ہے۔
ہر ٹیم کو ایک غیر ملکی کھلاڑی کو براہِ راست سائن کرنے کی اجازت بھی دی گئی ہے، تاہم یہ شرط عائد کی گئی ہے کہ وہ کھلاڑی ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 میں شریک نہ رہا ہو۔
پاکستان کرکٹ بورڈ فرنچائزز کو معیاری اور ایلیٹ غیر ملکی کھلاڑیوں کی دستیابی میں بھی معاونت فراہم کرے گا۔
پلیئر آکشن کی بیس پرائسز
پی ایس ایل 2026 کے پلیئر آکشن میں کھلاڑیوں کی بیس پرائس مختلف کیٹیگریز میں مقرر کی گئی ہے۔

بیس پرائسز 60 لاکھ روپے سے شروع ہو کر 4 کروڑ 20 لاکھ روپے تک رکھی گئی ہیں، تاکہ مختلف درجے کے قومی اور غیر ملکی کھلاڑی آکشن کا حصہ بن سکیں۔
بولی میں کم از کم اضافے کی حد مقرر
آکشن کے دوران بولی میں کم از کم اضافے کی حد بھی واضح کر دی گئی ہے۔
کم قیمت والے کھلاڑیوں پر بولی میں کم اضافہ جبکہ مہنگے کھلاڑیوں کے لیے زیادہ اضافے کی شرط رکھی گئی ہے۔ چار کروڑ 20 لاکھ روپے سے زائد بولی کی صورت میں ہر بار کم از کم 15 لاکھ روپے کا اضافہ لازم ہوگا۔ آکشن کی تمام بولیاں پاکستانی روپے میں ہی کی جائیں گی۔

پی ایس ایل انتظامیہ کے مطابق آکشن سسٹم کے نفاذ سے نہ صرف ٹیمیں زیادہ متوازن ہوں گی بلکہ کھلاڑیوں کو اپنی اصل مارکیٹ ویلیو بھی حاصل ہو سکے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ نیا نظام لیگ کے مجموعی معیار، مسابقت اور عالمی دلچسپی میں مزید اضافہ کرے گا۔
