Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیپلز پارٹی کے بانی رہنما ڈاکٹر مبشر حسن انتقال کرگئے

ڈاکٹر مبشر سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے قریبی ساتھیوں میں سے تھے (فوٹو: فیس بک)
پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی ڈاکٹر مبشر حسن لاہور میں انتقال کر گئے ہیں۔
ڈاکٹر مبشر حسن نے پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی تھی اور ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت میں وزیر خزانہ بھی رہ چکے تھے۔
پیپلز پارٹی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ڈاکٹر مبشر کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔ ٹویٹ میں ڈاکٹر مبشر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ذوالفقار علی بھٹو کے ’سچے کامریڈ‘ تھے اور پسے ہوئے طبقات کی آواز تھے۔
ڈاکٹر مبشر حسن پاکستان ہیومن رائٹس کمیشن (ایچ آر سی پی) کے بانی ممبران میں سے تھے۔
ایچ آر سی پی نے ٹویٹ میں ڈاکٹر مبشر حسن کے انتقال پر تعزیت کی۔ ایچ آر سی پی نے ٹویٹ میں لکھا کہ ڈاکٹر مبشر حسن نامور دانشور اور سیاست دان تھے اور ان کی وفات ناقابل تلافی نقصان ہے۔
صحافی محمد ضیاالدین نے ڈاکٹر مبشر حسن کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے پاکستان کی معاشی ماڈل کو تبدیل کرنے کی کوشش کی اور پاکستان کو ان ممالک کی فہرست سے نکالنے کی کوشش کی جو امداد کے لیے ’بھیک‘ مانگتے ہیں۔
ٹوئٹر پر ڈاکٹر مبشر کی ذوالفقار علی بھٹو اور دیگر پارٹی ممبران کے ساتھ 1967 کی تصویر بھی شیئر کی جا رہی ہے جس دن ڈاکٹر مبشر کی رہائش گاہ پر پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی گئی تھی۔
ڈاکٹر مبشر کے خاندان کے مطابق ان کی نماز جنازہ آج سنیچر کو 5:30 بجے لاہور میں باغ رحمت کے مقام پر ادا کی جائے گی۔  
ڈاکٹر مبشر حسن نے پاکستان کی معیشت اور سیاست پر متعدد کتابیں لکھی ہیں۔

شیئر: