Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوئٹہ جیت کر بھی ٹورنامنٹ سے باہر

کراچی اور ملتان سلطانز پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا 30 واں میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو پانچ وکٹوں سے ہرادیا۔
تاہم میچ میں فتح کے باوجود کوئٹہ کی ٹیم خراب رن ریٹ کی وجہ سے ایونٹ سے باہر ہوگئی ہے۔ کوئٹہ نے 151 رنز کا ہدف 17 ویں اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔
گوئٹہ کی جانب سے شین واٹسن 66 اور خرم منظور نے 63 رنز سکور کیا۔ اعظم خان 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
کوئٹہ کو پہلا نقصان احمد شہزاد کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ وہ بغیر کوئی رنز بنائے کیچ آؤٹ ہوئے۔ خرم منظور 63 رنز بنا کر وقاص مقصود کی گیند پر اسامہ میر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ 
کوئٹہ کی تیسری وکٹ 121 رنز پر گر گئی جب کپتان سرفراز احمد علی خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
کنگز کی جانب سے ارشد اقبال اور وقاص مقصود نے دو دو جب کہ علی خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔
کنگز کی جانب سے کیمرن ڈیلپورٹ نے 62 رنز بنائے۔ بابر اعظم نے 32 اور والٹن نے 26 رنز بنائے۔
کوئٹہ کی جانب سے نسیم شاہ نے دو جب کہ محمد حسنین، سہیل خان اور فواد احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
کنگز کو پہلا نقصان پہلے ہی اوور میں اس وقت اٹھانا پڑا جب شرجیل خان آؤٹ ہوئے۔ وہ بغیر کوئی رنز بنائے نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
کراچی کو دوسرا نقصان افتخار احمد کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ وہ 21 رنز بنا کر سہیل خان کی گیند پر واٹسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ کنگز کو تیسرا بڑا نقصان بابر اعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا۔
وہ 32 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
کنگز کو چوتھا نقصان 145 رنز کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب والٹن آؤٹ ہوئے۔ وہ نسیم شاہ کی گیند پر محمد حسنین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
کیمرون ڈیلپورٹ کو محمد حسنین نے 147 کے مجموعی سکور پر بولڈ کیا۔
اس سے قبل کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
اتوار کو کھیلے گئے پہلے میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو باآسانی نو وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
کنگز اور کوئٹہ کے میچ کے بعد سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی ہے۔ 
پہلے سیمی فائنل میں ملتان سلطانز کا مقابلہ پشاور زلمی سے ہوگا۔ جب کہ دوسرے سیمی فائنل میں لاہور قلندرز اور کراچی کنگز مدمقابل ہوں گے۔  

شیئر: