Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات:اقامہ ہولڈرز کی واپسی پر پابندی

اگر غیر ملکی ایسے ملک میں ہے جہاں کا وہ شہری ہے تو اسے چاہیے کہ دو ہفتوں تک وہیں رہے ( فوٹو: الامارات الیوم)
امارات نے ملک سے باہر گئے ہوئے اقامہ ہولڈروں کی واپسی پر عارضی پابندی لگا دی ہے۔
فیصلے کا نفاذ آج جمعرات سے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 سے آئندہ دو ہفتوں تک ہوگا۔
امارات نیوز ایجنسی (وام) کے مطابق وزارت خارجہ وبین الاقوامی تعلقات نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے اقامہ ہولڈروں سے کہا ہے کہ ’اگر اقامہ ہولڈر ایسے ملک میں موجود ہے جس کی شہریت کا وہ حامل ہے تو اسے چاہیے کہ دو ہفتوں تک وہیں رہے اور اماراتی سفارتخانے سے رابطہ کرے تاکہ بعد میں اس کی واپسی میں سہولت پیدا کی جاسکے‘۔
وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ’اگر غیر ملکی اپنے دفتر کے کام سے کسی ایک ملک میں گیا ہے جہاں کا وہ شہری نہیں تو اسے چاہیے کہ اپنی کمپنی اور اماراتی سفارتخانے سے رابطہ کرے تاکہ اس کی واپسی میں سہولتیں فراہم کی جاسکیں‘۔
وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ’اگر غیر ملکی چھٹی منانے کسی ایسے ملک میں ہے جہاں کا وہ شہری نہیں تو اسے چاہیے کہ وہ اماراتی سفارتخانے سے رابطہ کرے تاکہ اسے سہولت فراہم کی جائے‘۔
دوسری طرف محکمہ اقامہ وشہریت نے ہدایت کی کہ ’اقامہ ہولڈروں کی واپسی پر عارضی پابندی کے بعد ملک میں مقیم ایسے غیرملکیوں کو چاہیے جن کے اہل خانہ کا فرد بیرون ملک میں ہے کہ وہ فوری طور پر محکمے سے رابطہ کرکے مطلع کریں‘۔
متحدہ عرب امارات نے کہا ہے کہ ’یہ اقدامات کورونا وائرس کے انسداد کے لیے احتیاطی تدابیر کاحصہ ہیں‘۔

شیئر: