Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'جنگ ڈنڈے سے نہیں جیتی جاسکتی'

معاون خصوصی کے مطابق وقت کا تقاضا ہے کہ سیاسی اختلافات کو قرنطینہ میں ڈال کر چیلنج کا مقابلہ کیا جائے (فوٹو: پی آئی ڈی)
وزیراعظم پاکستان عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سندھ کے لاک ڈاؤن سے متفق نہیں ہے۔ ڈنڈے کے زور پر عوام کی مرضی کو بائی پاس کر کے جنگ نہیں جیتی جا سکتی۔
پیر کو اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ چاروں صوبوں، گلگت بلتتستان اور وفاقی دارالحکومت کی جانب سے درخواست کے بعد ان کو اختیار دیا جا رہا ہے کہ وہ ضرورت کے وقت فوج کو طلب کر سکیں۔
ان کے مطابق 'وزیراعظم نے سمری پر دستخط کر دیے ہیں جسے جلد کابینہ میں پیش کر دیا جائے گا۔'
ان کا کہنا تھا کہ صوبوں کے پاس جزوی لاک ڈاؤن کا آپشن موجود ہے لیکن وہ کرفیو نہیں ہے، لوگوں کو زبردستی محدود نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے ایم کیو ایم کے کابینہ میں شامل ہونے پر اسے مبارک دیتے ہوئے کہا کہ چیلنجز سے مل کر مقابلہ کیا جائے گا۔
انہوں نے وزیراعظم کے خطاب پر تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ’کورونا کو سیاست میں زندہ رہنے کا ذریعہ نہ بنائیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ بیرون ملک خود ساختہ قرنطینہ میں رہنے والے کورونا پر سیاسی دکان داری چمکانے سے پرہیز کریں۔
’وقت کا تقاضا ہے کہ سیاسی اختلافات کو قرنطینہ میں ڈال کر چیلنج کا مقابلہ کیا جائے۔‘

وزیراعلی سندھ نے اتوار کو صوبے میں 15 روزہ لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا (فوٹو: ٹوئٹر)

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ 23 مارچ تجدید عہد کا دن ہے، آج ثابت ہو گیا کہ قائداعظم کا دو قومی نظریہ بالکل درست تھا۔ ’پڑوسی ملک میں مسلمانوں کے ساتھ جو ہو رہا ہے وہ سب کے سامنے ہے۔‘
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کورونا خطرناک ضرور ہے لیکن جان لیوا نہیں۔
’میڈیا صحت مند ہونے والے افراد کے حوالے سے رپورٹس چلائے تاکہ لوگوں کا حوصلہ بڑھے۔'

شیئر: