Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قرنطینہ میں فائیو سٹار ہوٹل جیسی سہولتیں

 سعودی عرب کے شہر حائل  میں قائم قرنطینہ میں صحت عامہ کے انچارج مشاری الجمیل نے کہا ہے کہ 'ہمارے یہاں قرنطینہ کا نظام بڑا معیاری ہے- ممکنہ طور پر متاثرہ شخص کے قرنطینہ میں داخلے سے لیکر فارغ کیے جانے تک کی کارروائی مقررہ ضوابط کے مطابق کی جاتی ہے۔'
عکاظ اخبار کے مطابق مشاری الجمیل نے بتایا کہ ’قرنطینہ فائیو سٹار ہوٹل سے کم نہیں- اگر کسی شخص پر شبہ ہوتا ہے کہ وبا زدہ علاقے سے آنے کے باعث ممکن ہے کہ وہ کورونا  میں مبتلا ہو تو اسے یہاں لایا جاتا ہے- اس کا فوری طبی معائنہ کیا جاتا ہے‘-
ان کے مطابق ’اگر انفلوائنزا کی علامتیں نظر آتی ہیں تو اسے ہسپتال میں ٹھہرا دیا جاتا ہے- انفلوئنزا سے علاج کے بعد کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے شبے میں اسے قرنطینہ میں منتقل کردیا جاتاہے‘-
مشاری جمیل نے مزید کہا کہ’ ہسپتال میں علاج کے دوران ہی کورونا وائرس کا نمونہ شبے کی بنیاد پر لے لیاجاتا ہے- رپورٹ چوبیس گھنٹے کے اندر آجاتی ہے-
یہ رپورٹ سینٹرل لیباریٹری بھیجی جاتی ہے اگر رزلٹ منفی ہوتا ہے تو اسے چودہ دن تک قرنطینہ میں رکھا جاتا ہے تیرہویں دن اس کا نیا ٹیسٹ لیا جاتا ہے اگر کورونا وائرس سے پاک ہونے کی رپورٹ آتی ہے تو اگلے دن اسے وہاں سے فارغ کردیا جاتا ہے-
صحت عامہ کے انچارج کا کہنا تھا کہ قرنطینہ میں زیر علاج ہر فرد کو الگ کمرہ دیا جاتا ہے جس سے اسے نکلنے کی اجازت نہیں ہوتی- اگر کوئی بچہ کورونا وائرس سے متاثر ہو تو اس کے ہمراہ اس کی ماں اور باپ کو الگ کمرے میں رکھا جاتا ہے- انہیں ہوٹل میں گھومنے پھرنےکی اجازت نہیں ہوتی ایک کمرے سے دوسرے میں جانےکی پابندی ہوتی ہے-

 قرنطینہ میں تمام مریضوں کو صحت خدمات چوبیس گھنٹے مہیا ہوتی ہیں-(فوٹو عکاظ)

 ’کورونا وائرس سے متاثرین کے ساتھ قرنطینہ میں سلوک وزارت صحت کے مہمانوں کے طور پر کیا جاتا ہے-مریضوں کی تمام فرمائشیں پوری کی جاتی ہیں انہیں فائیو اسٹار جیسی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں- سپیلشسٹ فوڈ کمپنی انہیں ناشتہ ’ دوپہر اور رات کا کھانا فراہم کرتی ہے- وزارت صحت کمپنی کو باقاعدہ ٹھیکہ دیے ہوئے ہے- تمام کھانے حفظان صحت کے عین مطابق ہوتے ہیں- قرنطینہ میں اعلی درجے کا لانڈری بھی ہے‘-
 قرنطینہ میں تمام مریضوں کو جملہ صحت خدمات چوبیس گھنٹے مہیا ہوتی ہیں- ڈاکٹر اور نرسیں ہر مریض کو اس کے کمرے میں دیکھنے کے لیے پہنچتے  ہیں اس کا باقاعدہ  نظام الاوقات ہے-
مشاری الجمیل  کے مطابق بعض مریضوں نے ہمارے یہاں اے ٹی ایم سروس فراہم کرنے کی خواہش  ظاہر کی ہے ۔اس سلسلے میں ایک بینک سے رابطہ کرلیا گیا ہے۔

شیئر: