Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ میں کورونا سے 5 ہزار اموات

امریکہ میں پانچ ہزار افراد کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاک ہوئے ہیں (فوٹو:اے ایف پی)
امریکہ میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد پانچ ہزار تک پہنچ گئی ہے جبکہ ہلاک ہونے والوں میں چھ ہفتے کی عمر کا ایک بچہ بھی شامل ہے۔
ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 25 ہزار 200 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور کل کیسز کی تعداد دو لاکھ 13 ہزار 372 ہوگئی ہے۔
دوسری طرف پوری دنیا میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد تقریباً 10 لاکھ ہے جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 47 ہزار دو سو 61 ہو گئی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکہ میں اب تک اس وائرس سے دو لاکھ 16 ہزار 721 افراد متاثر ہوئے ہیں یوں امریکہ میں اس وبا سے ہلاکتوں اور متاثر ہونے والے افراد کی تعداد چین کے مقابلے میں زیادہ ہوگئی ہے۔
بدھ کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکہ میں دو ہفتوں کے بعد کورونا وائرس کی شرح مزید بڑھ سکتی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ پوری دنیا میں لاک ڈاؤن ہے جو بہت افسوسناک ہے۔
ٹرمپ نے کورونا وائرس کے متعلق چین کے اعدادوشمار پر شک کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین میں متاثرین کی بتائی جانے والی تعداد کم ہے۔
قبل ازیں بلومبرگ کی ایک رپورٹ میں بھی کہا گیا تھا کہ وائٹ ہاؤس کو ایک خفیہ رپورٹ موصول ہوئی ہے جس سے پتا چلتا ہے کہ چین نے اپنے ملک میں کورونا سے ہونے والے ہلاکتوں اور متاثرین کی تعداد کم بتائی ہے۔
امریکہ کے سینیئر سائنسدان انتھونی فوچی نے کہا تھا کہ ملک میں کورونا وائرس سے ایک سے دو لاکھ افراد ہلاک ہو سکتے ہیں۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق اٹلی میں ایک لاکھ 10 ہزار پانچ سو 74, سپین میں ایک لاکھ چار ہزار ایک سو 18 کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں۔
چین میں متاثرین کی تعداد 82 ہزار تین سو 94 ہے۔ اے ایف پی کے مطابق اس وقت آدھی دنیا میں لاک ڈاؤن ہے تاہم حکومتیں وائرس پر قابو پانے کے لیے کوششیں کر رہی ہیں۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ دو ہفتوں کے بعد کورونا وائرس کی شرح مزید بڑھ سکتی ہے (فوٹو:اے ایف پی)

خوارک کی عالمی تنظیموں نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کے مختلف ممالک کو غذائی قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈورس ادھانوم نے بھی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ سماجی بہبود کے لیے تمام اقدامات کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کورونا وائرس کے بحران کے دوران ضرورت مندوں تک خوراک کی رسائی ہوتی رہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ترقی پذیر ممالک سماجی بہبود کے پروگرام بنائیں گے اور ان پر عملدرامد کے لیے اقدامات کریں گے۔

شیئر: