Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد:’نجی سکول 20 فیصد فیس کم کریں'

سکولوں سے اپریل اور مئی کی فیس کم کرنے کو کہا گیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نجی تعلیمی اداروں کو ریگولیٹ کرنے والی تنظیم  پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹس ریگولیٹری اتھارٹی نے تمام سکولوں کو دو ماہ کی فیسوں میں 20 فیصد کمی کی ہدایت کی ہے۔
 بدھ کو پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ 'بچوں کی اپریل اور مئی کی چھٹیوں کی فیسوں میں 20 فیصد رعایت دی جائے۔'
'ملک گیر لاک ڈاؤن کی وجہ سے والدین کو فیسوں پر 20 فیصد رعایت دی جائے، فیسیں ماہانہ بنیادوں پر وصول کی جائیں اور پہلے سے جاری چالان واپس لیے جائیں۔'

 

نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ 'والدین کی جانب سے بھی بروقت فیس کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔'
پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹس ریگولیٹری اتھارٹی نے مزید کہا ہے کہ 'تعلیمی اداروں میں کام کرنے والے اساتذہ اور دیگر عملے کی ملازمتیں ختم نہیں کی جائیں گی اور 31 مئی تک ان کی تنخواہیں بھی ادا کی جائیں گی۔'
نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ 'تمام نجی تعلیمی ادارے اس فیصلے پر منِ و عن عمل درآمد کرنے کے پابند ہیں۔'
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں 31 مئی تک تعطیلات ہونے کے بعد نجی تعلیمی اداروں کی جانب سے والدین کو دو دو تین تین ماہ کی فیسیں پیشگی جمع کرانے کے پیغامات بھیجے جا رہے ہیں۔ 
والدین کی جانب سے حکومت سے یہ مطالبہ کیا گیا تھا کہ نجی تعلیمی اداروں سے چھٹیوں کے مہینوں کی فیسیں کم کرائی جائیں جس کے بعد پنجاب حکومت پہلے ہی فیسوں میں 20 فیصد کمی کی ہدایت کر چکی ہے۔

شیئر:

متعلقہ خبریں