Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دنیا میں کورونا سے 95 ہزار ہلاکتیں، کل متاثرین 16 لاکھ

دنیا بھر میں کورونا کے 3 لاکھ سے زیادہ مریض صحت یاب ہوئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
دنیا بھر میں اب تک 95 ہزار 718 افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد 16 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ 
امریکہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں کوورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد کم ہو کر ایک ہزار 783 ہو گئی ہے، جبکہ وائرس کے کل مصدقہ کیسز 4 لاکھ 65 ہزار سے زیادہ ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق امریکہ میں تازہ ہلاکتوں کی تعداد گذشتہ روز ہونے والی ایک ہزار 973 اموات سے قدرے کم ہے۔ 
امریکی سرکاری اہلکاروں نے ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کی کم ہوتی ہوئی تعداد کی بنیاد پر محتاط اندازہ لگاتے ہوئے کورونا کے خلاف جنگ میں ممکنہ کامیابی کا عندیہ دیا ہے۔
امریکہ میں معاشی نقصان کے پیش نظر صدر ڈونلڈ ٹرمپ لاک ڈاؤن ختم  کرنے اور کاروبار دوبارہ کھولنے کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں، تاہم ڈائریکٹر وبائیات اینتھونی فاؤچی نے متنبہ کیا ہے کہ فوری لاک ڈاؤن ختم کرنا ممکن نہیں ۔ انہوں نے امید دلائی کہ شاید موسم گرما تک کاروباری مراکز کھولے جا سکیں، وہ بھی صرف اس صورت میں کہ اگر شہری سماجی فاصلہ رکھنے کے اصولوں پر عمل پیرا رہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاید گرمیوں کے مہینوں میں شہریوں کو زندگی معمول کے مطابق گزارنے کا موقع مل جائے۔
اٹلی کے بعد امریکہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا دوسرا بڑا ملک ہے جہاں اب تک 16 ہزار 500 افراد کی کورونا سے موت واقع ہو چکی ہے، جبکہ اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد 18 ہزار 279 ہے۔ ہلاک ہونے والے امریکی شہریوں میں سے زیادہ تر ریاست نیو یارک کے رہائشی تھے۔
نیو یارک کے گورنر اینڈریو کومو کا کہنا ہے کہ 'کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ممکنہ کامیابی کی وجہ لاک ڈاؤن اور سماجی فاصلہ رکھنا ہے۔'

امریکہ میں ہلاک ہونے والے افراد میں بیشتر کا تعلق ریاست نیو یارک سے تھا۔ فوٹو اے ایف پی

انہوں نے کہا کہ 'ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کی تعداد کم ہو رہی ہے۔ امریکہ میں 25 ہزار 960 کورونا کے مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔'
دوسری جانب کورونا کی وبا پھیلنے کے بعد سے پہلی مرتبہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد ہوا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے تمام ممالک کے لیڈران کو وبا کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہونے کی تلقین کی۔ سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ وبا سے نمٹنے میں سلامتی کونسل کا کلیدی کردار ہے۔ 
امریکہ اور چین  کے درمیان اختلافات کے باعث سلامتی کونسل کا اجلاس تاخیر کا شکار رہا ہے۔ دونوں ممالک ایک دوسرے کو وبا پھیلانے کا ذمہ دار ٹھہراتے رہے ہیں۔
دنیا بھر میں کورونا کے کیسز 16 لاکھ سے تجاوز کر گئے ہیں جبکہ 3 لاکھ سے زیادہ افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ امریکہ کے بعد سپین میں کورونا کے سب سے زیادہ  کیسز دیکھنے میں آئے ہیں، جہاں ایک لاکھ 53 ہزار سے زیادہ افراد متاثر ہیں جبکہ 15 ہزار 477 اموات واقع ہو چکی ہیں۔
کورونا سے اب تک سب سے زیادہ اموات امریکہ کے بعد اٹلی میں ہوئی ہیں جبکہ سپین تیسرے اور فرانس چوتھے نمبر پر ہے۔
امریکی یونیورسٹی جان ہاپکنز کے اعداد و شمار کے مطابق فرانس میں کورونا متاثرین کی تعداد 118,783، جرمنی میں 118,235 اور چین میں 82,885 ہے۔  

شیئر: