Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کورونا ‘ ایک لاکھ سے زائد لیبارٹری ٹیسٹ

کورونا کی تشخیص کے لیے ملک میں 10 لیبارٹریز مخصوص ہیں (فوٹو: عاجل نیوز)
سعودی عرب کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں اب تک ایک لاکھ  سے زائد ’کورونا وائرس ‘ کے لیبارٹری ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
مقامی ویب نیوز ’عاجل ‘ نے وزارت صحت کی جانب سے ٹویٹر پر جاری اعداد و شمار کے حوالے سے مزید لکھا ہے کہ ’سعودی عرب میں کووڈ 19 وائرس کے حوالے سے 8 اپریل تک ایک لاکھ 15 ہزار 585 افراد کے لیبارٹری ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں‘۔

کورونا ٹیسٹ کے لیے ’مولیکیولر پالمائزیشن‘ ٹیکنالوجی استعمال کی جاتی ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)

’کورونا وائرس کے ٹیسٹ ملک کے مختلف شہروں میں قائم 10 لیبارٹریز میں کیے جاتے ہیں۔  تمام ٹیسٹ ’مولیکیولر پالمائزیشن‘ ٹیکنالوجی کے تحت کیے جاتے ہیں جن میں غلطی کا امکان نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی وزارت صحت کی جانب سے ملک میں کورونا وائرس میں مبتلا تمام مریض خواہ وہ مقامی ہوں یا غیر ملکی قانونی طور پر مقیم ہوں یا غیر قانونی، تمام افراد کا  مکمل طور پر مفت علاج کیا جاتا ہے، مریضوں کو ’قرنطینہ یا آئسولیشن ‘ میں رکھنے سے لے کر صحت مند ہونے تک تمام ذمہ داری وزارت صحت کی جانب سے بخوبی ادا کی جا رہی ہے۔
اس ضمن میں وزارت صحت نے ٹیلی فون پر ٹول فری سروس بھی شروع کی ہے جس پر کورونا وائرس سے متعلق معلومات کسی بھی وقت حاصل کی جا سکتی ہیں علاوہ ازیں 937 پر کسی بھی کورونا وائرس کے مریض کے بارے میں اطلاع بھی فراہم کی جا سکتی ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے شہریوں اورغیرملکیوں سے اپیل کی جا رہی ہے کہ ’کورونا وائرس سے بچاؤ کےلیے جاری کی جانے والی احتیاطی تدابیر اختیار کریں، گھروں میں رہیں بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔
کورونا وائرس سے لوگوں کو محفوظ رکھنے کے لیے سعودی عرب کے تمام شہروں میں کرفیو بھی نافذ کیا گیا ہے جس کا بنیادی مقصد سماجی رابطوں کو محدود کرنا ہے۔

شیئر: