Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملائشیا سے بھی سعودی شہریوں کی واپسی

وزارت خارجہ نے خصوصی پورٹل لانچ کیا تھا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کی جانب سے بیرون ملک پھنسے اپنے شہریوں کو واپس لانے کے لیے انتظامات مکمل کیے جانے بعد ہفتے کو ملائشیا سے 219 مسافروں کو لے کر ایک پرواز دمام پہنچ گئی۔
 عرب نیوز کے مطابق جمعے کو انڈونیشیا سے 250 مسافروں کو لے کر پہلی پرواز دمام  پہنچی تھی۔
تمام مسافروں کا ہوائی اڈے پر ابتدائی طبی معائنہ کرنے کے بعد انہیں خصوصی بسوں کے ذریعے پہلے سے مخصوص آئسولیشن سینٹرز میں پہنچا دیا گیا۔

انڈونیشیا سے 250 مسافروں کو لے کر پہلی پرواز دمام  پہنچی تھی (فوٹو: ایس پی اے)

 ویب نیوز عاجل کے مطابق مشرقی ریجن کے ادارہ امور صحت کا کہنا ہے کہ آنے والے تمام سعودی شہریوں کو دمام کے شاہ فہد انٹرنیشنل ہسپتال سے تمام حفاظتی انتظامات اختیار کرتے ہوئے الخبر کے گیسٹ ہاؤسز میں پہنچا دیا گیا جہاں ان کی 14 روز تک نگرانی کی جائے گی۔
 آئسولیشن سینٹرز میں طبی عملہ ہمہ وقت موجود ہوتا ہے جبکہ وہاں ٹھہرائے جانے والوں کو باہر نکلنے کی قطعی اجازت نہیں ہوتی۔
قرنطینہ یا آئسولیشن سینٹرز میں انہیں ہر قسم کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ طبی طور پر بھی ان کی بہترین انداز میں دیکھ بھال کا انتظام موجود ہے۔
واضح رہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے بیرون ملک گئے ہوئے اپنے شہریوں کو لانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

سعودی عرب میں 11 ہزار کے قریب آئسولیشن رومز مخصوص ہیں (فوٹو: ایس پی اے)

گذشتہ ہفتے وزارت خارجہ نے خصوصی پورٹل بھی لانچ کیا تھا جس پر بیرون ملک مقیم سعودیوں سے درخواست کی گئی تھی کہ جو شہری وطن آنا چاہیں وہ پورٹل پر اپنا اندراج کرا دیں۔
 العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی حکام نے بیرون ملک سے آنے والے شہریوں کے لیے ملک کے مختلف شہروں میں 11 ہزار کے قریب آئسولیشن رومز مخصوص کیے ہیں جہاں ان مسافروں کو دو ہفتوں کے لیے رکھ کر ان کی نگرانی کی جائے گی۔
آئسولیشن کی مقررہ مدت گزرنے کے بعد تمام افراد کا طبی معائنہ کیا جائے گا تاکہ اس امر کی یقین دہان کی جا سکے کہ کوئی مسافرکووڈ 19 کا شکار تو نہیں۔

شیئر: