Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا سے متاثرہ بچوں کے لیے وزیراعلیٰ کی طرف سے تحائف

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے اس اقدام کو سوشل میڈیا پر کافی سراہا جا رہا ہے(فوٹو:روئٹرز)
کورونا وائرس سے متاثرہ دو کم سن بچوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے ان کے لیے تحائف بھجوائے ہیں۔
پاکستان کے شہر لاہور کے علاقے رسول پارک میں دو کم سن بچوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر گھر سے ہسپتال منتقل کیے جانے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ دونوں بچے آپس میں بہن بھائی ہیں۔
حکومت پنجاب کے ٹوئٹر اکاونٹ پر جاری پیغام میں بتایا گیا ہے کہ 'سوشل میڈیا پر کورونا سے متاثرہ معصوم بچوں کی تصاویر دیکھ کر وزیراعلی پنجاب عثمان بزدارنے بچوں کے لیے ٹیبز، چاکلیٹس، کھلونے، سینیٹائزرز اور پھول بھجوائے ہیں۔'

ٹویٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ بچوں کو میو ہسپتال میں ان کے والد کےساتھ الگ کمرہ الاٹ کر دیا گیا ہے۔ بچوں کی صحت کے حوالے سے وزیراعلیٰ کو مسلسل آگاہ رکھا جائے گا۔'
وزیراعلی پنجاب کے اس اقدام کو سوشل میڈیا پر کافی سراہا جا رہا ہے۔

محمد ظہر نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ 'یہ ہر لحاظ سے قابل ستائش ہے، وزیراعلی پنجاب حیران کن کام کررہے ہیں۔'

ایم آر ایم این کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ 'سر،بہت اچھا اقدام۔ برائے مہربانی کورونا سے متاثرہباقی بچوں کے لیے بھی ایسا کریں۔'

ایک اور صارف کریم اکبر نے لکھا کہ 'باقی پنجاب کے بچے بھی اسی ہمدردی کے مستحق ہیں خدارا ان کی طرف بھی دھیان کریں۔'
 

لائٹ ہاوس کے نام سے ٹوئٹڑ ہینڈل نے نشاندہی کی کہ 'بہت اچھی بات ہے پر اس تصویر کو دیکھیں تو میڈیکل سٹاف نے کوئی بھی سیفٹی گیئرز نہیں پہنے۔  خدا کے لیے ان کو پورے سیفٹی گیئرز دیں۔'

شیئر: