Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کسی ملازم کو برطرف نہیں کیا جائے گا‘

کارکنان سے بڑے پیمانے پر آن لائن کام لیا جائےگا-( فوٹو اے پی)
ابوظبی میں اقتصادی فروغ کے محکمے کے سیکریٹری راشد عبدالکریم البلوشی نے کہا ہے کہ نئے کورونا وائرس کی وجہ سے موجودہ مرحلے میں کسی بھی ملازم کو برطرف نہیں کیا جائے گا-
راشد عبدالکریم البلوشی کا کہنا تھا کہ ہماری پوری کوشش یہ ہے کہ کارکنان سے بڑے پیمانے پر آن لائن کام لیا جائے-
الامارات الیوم کے مطابق البلوشی نے مزید کہا کہ ہماری حکومت یہ پابندی لگائے ہوئے ہے کہ ریاست ابوظبی میں رہائش پذیر کارکنان کو ابوظبی العین الظفرۃ سے باہرنہ لے جایا جایے اور نہ ہی ریاست کے باہر مقیم کارکنان کو ابوظبی آنے کی اجازت دی جائے- ریاست کے نجی ادارے اس پابندی پر عمل درآمد کررہے ہیں-
البلوشی نے الامارات ٹی وی چینل سے گفتگو میں کہا کہ ریاست ابوظبی میں جگہ جگہ تفتیشی چوکیاں قائم کردی گئی ہیں- چوکیوں پر تعینات اہلکار ریاست میں آمد و رفت کی پابندی کا فیصلہ نافذ کرا رہے ہیں-
انہوں نے کہا کہ اس پابندی کا مقصد سماجی میل جول کو انتہائی حد تک کم کرنا ہے- اگر کارکنان آپس میں ایک دوسرے سے کم ملیں گے تو ایسی صورت میں وہ کورونا وائرس لگنے سے محفوظ رہیں گے- یہ پابندی ابوظبی کے باشندوں اور مقیم غیر ملکیوں دونوں کے مفاد میں ہے-

شیئر: