Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تعصُب پھیلانے کا الزام: کنگنا کی بہن کا ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل

رنگولی نے مسلمانوں اور صحافیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا (فوٹو: ٹوئٹر)
بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت کی بہن  کا ٹوئٹر اکاؤنٹ نفرت پھیلانے اور ٹوئٹر کے قواعد کی خلاف ورزی  پر معطل کر دیا گیا ہے۔
کنگنا کی بہن رنگولی رناوت نے اپنی ٹویٹ میں مسلمانوں اور میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے ان سب کو گولی مارنے کا کہا تھا۔
رنگولی اناوات اپنی اداکارہ بہن کنگنا کی میڈیا مینیجر بھی ہیں اور اپنے اکاؤنٹ سے کنگنا کی سرگرمیوں کے حوالے سے شائقین کو آگاہ رکھتی ہیں۔
رنگولی کی ٹویٹ انڈیا کی ریاست اترپردیش میں ہونے والے واقعے کے ردعمل میں سامنے  آئی تھی۔ گذشتہ روز اتر پردیش کے ضلع مرادآباد میں کورونا سے متاثرہ افراد کے اہل خانہ کو قرنطینہ کرنے کے لیے جب طبی ٹیم ان کے گھر پہنچی تو ان  پر حملہ کر دیا گیا۔ 
طبی ٹیم میں ڈاکٹر اور ایمبولینس ڈرائیور سمیت متعدد پولیس اہلکار بھی شامل تھے۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس حملے پر جہاں شدید تنقید کی وہیں اسے فرقہ وارانہ رنگ دیتے ہوئے مسلمان طبقے کو نشانہ بنایا۔
رنگولی نے بھی اپنی ٹویٹ میں مسلمانوں اور میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'ان کو قطار میں کھڑے کر کے گولی مار دینی چاہیے۔'
رنگولی کی اس ٹویٹ کو نامور شخصیات نے رپورٹ کیا تھا جس کے بعد ٹوئٹر نے  پالیسی کی خلاف ورزی اور نفرت پھیلانے پر ان کا اکاؤنٹ معطل کر دیا۔
اداکار سنجے خان کی بیٹی اور جیولری ڈیزائنر فرح علی خان نے رنگولی کی ٹویٹ رپورٹ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ 'رنگولی نے ایک مخصوص طبقے کو نشانہ بنایا تھا اور انہیں قتل کرنے کا کہا تھا اور خود کا موازنہ ہٹلر کی نازی پارٹی سے کیا تھا۔'

 

فلم پروڈیوسر سواتی نے بھی ٹویٹ کی کہ 'مسلمانوں اور صحافیوں کے قتل کی دعوت دینا آزادی اظہار رائے نہیں بلکہ نفرت انگیزی ہے۔'
رنگولی نے ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل ہونے پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'ٹوئٹر ویسے بھی امریکی فورم ہے جو متعصب ہونے کے ساتھ ساتھ انڈیا کے خلاف بھی ہے۔' انہوں نے کہا کہ 'وہ ٹوئٹر اکاؤنٹ کھلوانا بھی نہیں چاہتیں اور نہ ہی ایسے فورم کو مضبوط بنانا چاہتی ہیں جہاں وہ کھل کر اظہار خیال نہ کر سکیں۔' رنگولی نے سوال اٹھایا کہ 'ٹوئٹر پر وزیراعظم اور وزیر داخلہ کو دہشت گرد تو کہہ سکتے ہیں لیکن ڈاکٹرز اور طبی عملے پر ہونے والے تشدد پر تنقید نہیں کر سکتے۔'
ٹوئٹر کے ترجمان نے رنگولی کے اکاؤنٹ کے حوالے سے کہا کہ 'ٹوائٹر کے قواعد کی بار بار خلاف ورزی پر اکاؤنٹ مستقل طور پر معطل کر دیا گیا ہے، اور کوئی صارف ٹوئٹر کے قواعد سے بالا تر نہیں ہے۔'

شیئر: