Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایک لاکھ مویشی مملکت پہنچ گئے

پولٹری اور ڈیری کی مصنوعات بھی موجود ہیں۔ (فوٹو سبق)
 سعودی وزارت زراعت و پانی کا کہنا ہے کہ مملکت میں گوشت کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے گزشتہ ماہ پانچ ممالک سے ایک لاکھ کے قریب مویشی امپورٹ کیے گئے ہیں۔
 ویب نیوز ’سبق ‘ کے مطابق سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں کاشتکاروں نے وزارت زراعت کو یقین دلایا ہے کہ مقامی منڈی کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے اس سیزن میں ایک لاکھ 77 ہزار ٹن پیاز مارکیٹوں میں پہنچائے جائیں گے۔
دریں اثنا وزارت زراعت کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں زرعی ، پولٹری اور ڈیری کی مصنوعات بھی وافر مقدار میں موجود ہیں۔ ماہ رواں مختلف ممالک سے امپورٹ کی جانے والی ایک لاکھ 83 ہزار ٹن  تازہ زرعی اجناس کا معائنہ کرکے مارکیٹ پہنچانے کا این او سی بھی جاری کیاجاچکا ہے۔
سعودی عرب میں اجناس کی مستقل بنیادوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کےلیے وزارت نے مملکت بھر میں کاشتکاروں، شہد کے فارمز مالکان اور دیگر اجناس سے تعلق رکھنے والوں کی سہولت کے لیے اقدامات کیے ہیں جس کے تحت شعبہ زراعت سے تعلق رکھنے والے وزارت کی ویب سائٹ سے رجوع کرکے اپنے کارکنوں کےلیے ہفتہ وار بنیاد پر کرفیو پاس حاصل کرسکتے ہیں تاکہ انہیں اپنی اجناس بروقت منڈی تک پہنچانے میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مقامی مارکیٹ میں انڈوں کی بڑھتی ہوئی طلب بھی پوری کی جا رہی ہے(فوٹو سبق)

مقامی مارکیٹ میں انڈوں کی بڑھتی ہوئی طلب کے بارے میں وزارت کا کہنا تھا کہ ہمارےعلم میں یہ بات ہے تاہم انڈوں کے تاجروں نے 5 ممالک سے رابطہ کیا ہے جہاں سے بڑی مقدار میں انڈوں کی کھیپ جلد پہنچ جائے گی۔
وزارت نے مملکت کے کاشتکاروں کو کہا ہے کہ وہ کرفیو پاس حاصل کرنے کےلیے وزارت کے ذیلی دفاتر سے رجوع کریں جہاں انہیں ضرروت کے مطابق ہفتہ وار بنیاد پر کرفیو پاسز جاری کیے جائیں گے۔

شیئر: