Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رمضان میں زرعی اجناس میں کمی کا خدشہ نہیں

شہر کے مختلف علاقوں میں عارضی منڈیاں بھی لگائی جائیں گی(فوٹو، سوشل میڈیا)
 جدہ سبزی منڈی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ’رمضان المبارک کے دوران صارفین کو کسی قسم کی کمی کا سامنا نہیں ہوگا، منڈی میں یومیہ ایک ہزار ٹن سبزیاں اور پھل مہیا کیے جائیں گے‘-
 المدینہ اخبار کے مطابق جدہ سبزی منڈی میں نیلامی گروپ کے نائب سربراہ انجینیئر معتصم ابو زنادۃ نے بتایا کہ ان دنوں جدہ سبزی اور پھل منڈی میں سبزیاں اور پھل وافر مقدار میں موجود ہیں-

جدہ سبزی منڈی میں اجناس بکثرت موجود ہیں (فوٹو، سوشل میڈیا)

ابو زنادۃ نے توجہ دلائی کہ  رمضان قریب آنےکی وجہ سے ہر روز منڈی میں ایک ہزار ٹن سے زیادہ پھل اور سبزیاں اتارے جارہے ہیں-  ان میں 60 فیصد پھل ہیں اور چالیس فیصد سبزیاں ہیں- بیشتر سبزیاں سعودی کاشتکار فراہم کررہے ہیں جبکہ زیادہ تر پھل بیرون مملکت سے درآمد کیے جاتے ہیں-
ابو زنادۃ نے کہا کہ ’کورونا بحران کے شروع میں بعض سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں بڑھ گئی تھیں ان دنوں قیمتوں میں توازان قائم کیا گیا ہے-
بیشترممالک سے زرعی محصولات پہنچنے میں تاخیر ہوگئی تھی اس وجہ سے رسد کی کمی کے باعث نرخ بڑھ گئے تھے-
ان کا کہنا تھا کہ جدہ میونسپلٹی کے ماتحت صفائی اور سینیٹائزنگ ٹیمیں صبح 6 سے پہلے اور دوپہر تین بجے کے بعد اپنا کام کریں گی جبکہ صبح 6 سے 3 بجے تک منڈی کھلی رہے  گی- یہ ابتدائی فیصلہ ہے اس پر غوروخوض جاری ہے-
بھیڑکو کنٹرول کرنے کے لیے پلان ’بی ‘  بھی ترتیب دیا جارہا ہے جس کے تحت شہر کے مختلف محلوں میں پھلوں اور سبزیوں کی چھوٹی چھوٹی مارکیٹیں عارضی طور پر قائم کردی جائیں تاکہ منڈی میں بھیڑنہ ہو-

منڈی میں روزانہ  شام3 سے  صبح 6 بجے تک اسپرے کیاجائےگا(فوٹو، سوشل میڈیا)

ابو زنادۃ نے صارفین سے اپیل کی کہ وہ روزانہ کے بجائے ہفتے میں ایک یا دو بار سبزیاں اور پھل خریدنے نکلیں-
سبزیاں اور پھل درآمد کرنے والے بڑے تاجر سیف اللہ الشربتلی نے اطمینان دلایا ہے کہ پھلوں اور سبزیوں کا ذخیرہ اتنا ہے کہ حج کے بعد تک کے لیے بھی کافی ہوگا- لہذا صارفین تشویش میں مبتلا نہ ہوں اور حسب ضرورت ہی پھل اورسبزیاں خریدیں-
 

شیئر: