Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی

خصوصی پرواز 227 مسافروں کو لے کر اسلام آباد روانہ ہوئی ہے۔(فوٹو ٹوئٹر پاکستان قونصلیٹ)
متحدہ عرب امارات میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی وطن واپسی شروع ہوگئی ہے ۔ پی آئی اے کی خصوصی پرواز ہفتے کی شام  227 مسافروں کو لے کردبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوئی ہے۔
 دبئی میں پا کستانی قونصل جنرل کی جانب سے ٹوئٹ میں کہا گیا کہ’ پی آئی اے کی پہلی خصوصی پرواز ہفتہ 18 اپریل کو شام 7 بجے دبئی ایئرپورٹ سے دبئی اور شمالی امارات میں پھنسے 227 پاکستانیوں کو لے کراسلام آباد کے لیے روانہ ہوگئی‘۔ 

مزید خصوصی پروازوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ (فوٹو ٹوئٹر پاکستان قونصلیٹ)

 پی آئی اے کے ایک عہدیدار نے بتایا  کہ’ مزید خصوصی پروازوں کا اعلان بعد میں کیا جائےگا‘۔
انہوں نے واضح کیا کہ’ اس سے قبل اعلان کردہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے مابین گیارہ خصوصی پروازوں کا شیڈول منسوخ کردیا گیا ہے۔ نئے شیڈول کا اعلان آج کل میں کردیا جائے گا‘۔
گلف نیوز نے امارات میں موجود ایک سینیئر پاکستانی سفارتکار کے حوالے سے بتایا کہ حکومت پاکستان امارات اور دیگر ملکوں کے لیے خصوصی پروازوں کے نئے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔
سفارتکار کا کہنا تھا کہ ’عین ممکن ہے مزید خصوصی پروازیں بیس اپریل سے چلائی جائیں۔ انہوں نے پھنسے ہوئے پاکستانیوں سے کہا کہ وہ صبر سے کام لیں اورنئے شیڈول کے اعلان کا انتظارکریں‘۔
واضح رہے کہ امارات میں موجود چالیس ہزار سے زائد پاکستانی وطن واپسی کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے اپنے نام قونصلیٹ میں رجسٹرڈ کرائے ہیں۔
ان میں وہ پاکستانی شامل ہیں جو وزٹ ویزے پر آئے تھے یا جن کی ملازمت ختم ہوچکی ہے۔ ایسے بھی ہیں جنہیں ان کی کمپنیوں نے کورونا بحران کے باعث بلا تنخواہ چھٹی پرجانے کو کہا ہے۔
اس سے قبل سعودی عرب میں سفری پابندیوں کے باعث رکے ہوئے 470 عمرہ زائرین دو خصوصی پروازوں کے ذریعے پاکستان پہنچ چکے ہیں۔

شیئر: