Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ مکرمہ ریجن اور دیگر علاقوں میں بارش

بارش کاسلسلہ پیر تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔(فوٹو سبق)
سعودی عرب کے کئی علاقوں میں ہفتے کو بارش ہوئی ہے۔شہری دفاع کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ ریجن کے مختلف شہروں میں بارش جاری ہے۔ امکان ہے کہ  پیر تک یہ سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔
شہری دفاع کے ریجنل ترجمان کرنل محمد القرنی نے محکمہ موسمیات کی جانب سے موصول ہونے والی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئےکہا ہے کہ مکہ مکرمہ ریجن کے مختلف شہروں میں ہفتے کو شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے پیر تک جاری رہے گا۔
بارش کے دوران تیز اور ہلکی ہوائیں بھی چلنے کا امکان ہے جبکہ طائف کے بعض علاقے جن میں میسان، الخرمہ، رنیہ ، تربہ، المویہ، العرضیات، اصم اور الکامل شامل ہیں میں ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔علاقے میں تیز بارش کے باعث بعض مقامات پر سیلابی کیفیت بھی پیدا ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ جدہ ، اللیث ، القنفذہ اور رابغ میں بھی موسم اتوار اور پیر کو ابر آلود رہے گا ان علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔
شہری دفاع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں رہنے والے اس ہفتہ خاص خیال رکھیں اور ذرائع ابلاغ پر موسم کے احوال سے باخبررہیں۔
نشیبی علاقوں میں رہنے والوں کو بھی محکمہ شہری دفاع کی جانب سے ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تیز بارش سے ممکنہ سیلابی کیفیت پیدا ہو سکتی ہے۔نشیبی علاقوں میں رہنے والے خاص احتیاط برتیں۔

شیئر: