Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جازان کی مارکیٹوں میں ڈیجیٹل تھرمل سسٹم

جسمانی درجہ حرارت بڑھا ہونے کی صورت میں ادارہ صحت سے رجوع کرنے کا کہا جاتاہے (فوٹو، ایس پی اے)
جازان ریجن کی بلدیہ نے مارکیٹوں میں ڈیجیٹل تھرمل کیمروں کی تنصیب کا آغاز کردیا ہے۔ لوگوں کو مہلک کوروناوائرس سے محفوظ رکھنے کےلیے حفاظتی اقدامات کے تحت تھرمل کیمروں کی تنصیب کی جارہی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق جازان ریجن کی بلدیہ نے ابتدائی طور پر سبزی و پھل منڈی ، مچھلی بازاراور مذبح خانے میں تھرمل سسٹم نصب کیا ہے۔

انفرادی طور پر جسمانی درجہ حرارت نوٹ کرنا دشوار ہوتا ہے(فوٹو، ایس پی اے)

جدید ترین ٹیکنالوجی کے حامل تھرمل کیمروں کے ذریعے مارکیٹوں میں آنے والوں کی وسیع پیمانے پر سکریننگ کی جاسکے گی۔
سبزی منڈی میں تھرمل سسٹم کے ایک اہلکار کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے حامل تھرمل کیمرے ایک منٹ سے بھی کم وقت میں 24 افراد کی اسکریننک کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جس سے یہ معلوم ہو جاتا ہے کہ آنے والے افراد کا جسمانی درجہ حرارت کتنا ہے۔
ایسے صارفین یا مارکیٹ میں کام کرنے والے کارکن جن کا درجہ حرارت زیادہ ہوتا ہے انہیں فوری طور پر وزارت صحت کے یونٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے تاکہ وہاں ان کا تفصیلی معائنہ کیاجاسکے۔
 بلدیہ کے ذرائع کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں آنے والوں کی حفاظت کے لیے تھرمل کیمرے نصب کیے جارہے ہیں تاکہ لوگوں کو ’کورونا وائرس ‘ سے بچایا جاسکے۔
تھرمل کیمرے کو مانیٹر کرنے والے مستقل بنیادوں پر یونٹ پر ڈیوٹی دیں گے اور وہاں آنے والے ہر شخص کا درجہ حرارت نوٹ کرکے انہیں مارکیٹ آنے دیا جائے گا۔

تھرمل کیمرے کے ذریعے ایک وقت میں 24 افراد کی اسکریننگ کی جاسکتی ہے(فوٹو ایس پی اے)

واضح رہے مارکیٹوں میں تھرمل کیمروں کی تنصیب مدینہ منورہ کی سبزی منڈی کے علاوہ دیگر شہروں کی منڈیوں میں بھی کیا جاچکا ہے جس کا مقصد بڑے پیمانے پر لوگوں کی سکریننگ کرنا ہے۔ انفرادی سکریننگ کے عمل میں کارکنوں کو کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ مارکیٹ آنے والوں کےلیے بھی مشکل امر کا باعث ہوتا ہے۔
تھرمل کیمروں کے ذریعے سکریننگ کا عمل کافی آسان ہوتا ہے جس کے ذریعے مانیٹر پرموجود اہلکار کو فوری طور پر معلوم ہوجاتا ہے کہ آنے والوں میں کون سے شخص بیمار ہے۔
 

شیئر: