Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وڈ کے شہنشاہ: ’معصومیت کی عمر گزر گئی‘

امیتابھ بچن کی پہلی فلم سات ہندوستانی 1969 میں ریلیز ہوئی تھی (فوٹو: فیس بک)
بالی وڈ لیجنڈ امیتابھ بچن ویسے تو ایک عمر سے ہی اپنی اداکاری اور ورسٹائل کرداروں سے شائقین سنیما کو محظوظ کرتے آ رہے ہیں لیکن سوشل میڈیا کے عام ہونے کے بعد سے وہ اپنے روحانی اور فلسفیانہ خیالات سے بھی مداحوں کو سوچ بچار کرنے پر اکساتے رہتے ہیں۔
اب جب کہ لاک ڈاؤن میں امیتابھ کی زندگی بھی گھر تک ہی محدود ہو کر رہ گئی ہے تو دیگر سٹارز کی طرح وہ بھی اپنے مداحوں کو خوش رکھنے کے نت نئے طریقے تلاش کرتے رہتے ہیں۔
کبھی شاعری کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں، تو کبھی بلاگ لکھتے ہوئے۔ جم سے اپنی تصاویر شیئر کر کے مداحوں کو ورزش کرنے کی ترغیب دیتے رہتے ہیں کہ قرنطینہ میں رہتے ہوئے ذہنی اور جسمانی صحت برقرار رکھنے کا یہی بہترین طریقہ ہے۔
ساتھ ہی میں ماضی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے اپنی پرانی تصاویر بھی پوسٹ کرتے رہتے ہیں۔ حال ہی میں بالی وڈ لیجنڈ نے اپنی جوانی کی چند تصاویر شیئر کیں اور ساتھ میں لکھا کہ ’معصومیت کی عمر گزر چکی ہے۔‘
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

The age of innocence is over ..

A post shared by Amitabh Bachchan (@amitabhbachchan) on

اس سے چند دن قبل امیتابھ نے 1969 میں لی گئی اپنی ایک تصویر شیئر کی تھی جو ان کی شوبز کی دنیا میں قدم رکھنے کے بعد پہلی پروفیشنل تصویر تھی۔ یہ تصویر فلم میگزین ’سٹار اینڈ سٹائل‘ کے لیے فوٹو شوٹ کے دوران کی تھی۔ امیتابھ نے تصویر کے ساتھ لکھا کہ 'یہ اس دور کی بات ہے جب وہ ’شائے‘ یعنی شرمیلے ہوتے تھے۔'
بگ بی نے لاک ڈاؤن میں وقت گزارتے ہوئے شائقین کو اس وقت کا بھرپور فائدہ اٹھانے کا بھی کہا۔ انہوں نے ’نیو نارمل‘ کے فلسفے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنی ’نارمل‘ زندگیوں میں واپس لوٹنے کی جلدی میں یہ ضرور سوچیے کہ کونسے لمحات واپس لوٹنے کے قابل ہیں۔ 
لاک ڈاؤن میں رہتے ہوئے امیتابھ نے بلاگ لکھنے کی روایت بھی برقرار رکھی ہوئی ہے، بلکہ اس میں مزید شدت آگئی ہے۔ 17 اپریل کو بلاگ لکھنے کے بارہ سال مکمل ہو چکے ہیں جس کا آغاز انہوں نے 2008 میں کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ 'تب سے ایک دن بھی ایسا نہیں گزرا کہ انہوں نے بلاگ نہ لکھا ہو۔' بالی وڈ لیجنڈ کے بلاگز پڑھنے والوں کی تعداد میں ہر طبقہ فکر کے لوگ شامل ہیں۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Amitabh Bachchan (@amitabhbachchan) on

امیتابھ بچن نے بالی وڈ میں فلمی کیریئر کا آغاز فلم سات ہندوستانی سے کیا تھا جو 1969 میں ریلیز ہوئی تھی۔ تب سے اب تک بگ بی کے مداحوں میں اضافہ ہی ہوتا آ رہا ہے۔ ان کے انسٹاگرام پر 15 ملین سے زیادہ فالورز ہیں۔

شیئر: