Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی میں شاپنگ مالز کو کھولنے پر غور

تین سے 12 سال اور 60 برس سے زیادہ عمر کے افراد کو شاپنگ مالز کے اندر جانے کی اجازت نہیں ہوگی (فوٹو:وکی پیڈیا)
کورونا وائرس کی وجہ سے شاپنگ مالز کو دوبارہ کھولنے سمیت دبئی میں لاک ڈاؤن کی موجودہ صورتحال پر نظرثانی کی جا رہی ہے۔
دبئی کے محکمہ معاشیات کی جانب سے یہ خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ابوظہبی نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد مالز کو کھولا جا سکتا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق دبئی کے محکمہ معاشیات کے ایک سرکیولر (ہدایت نامے) کے مطابق شاپنگ مالز دوبارہ بتدریج کھلنے کے لیے تیار رہیں۔ 
اس سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ شاپنگ مالز میں آتے ہوئے لوگ اس بات کا خیال رکھیں گے کہ وہ ماسک پہنیں اور اپنے ساتھ ہینڈ سینیٹائزرز بھی رکھیں۔
دبئی کے محکمہ معاشیات نے یہ بھی کہا ہے کہ شاپنگ مالز کو ہر دن جراثیم سے پاک کریں اور ان مالز میں لوگوں کے معائنے کے لیے سکریننگ کا انتظام بھی کیا جائے۔
لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد کسی بھی خریدار کو تین گھنٹے شاپنگ مالز میں ٹھہرنے کی اجازت ہوگی۔ شاپنگ کے دوران سماجی فاصلے کا بھی خیال رکھا جائے گا۔
تین سے 12 سال اور 60 برس سے زیادہ عمر کے افراد کو شاپنگ مالز کے اندر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
کورونا وائرس کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے دبئی میں تفریحی اور ثقافتی مقامات بند رہیں گے۔

دبئی کے محکمہ معاشیات کے مطابق مالز میں لوگوں کے معائنے کے لیے سکریننگ کا انتظام بھی کیا جائے (فوٹو:سوشل میڈیا)

دبئی کے محکمہ معاشیات نے امارات میں سماجی اور ثقافتی امور سے متعلق بھی اصول وضع کیے ہیں۔
حکومت کے طے شدہ قواعد و ضوابط کے مطابق رشتے داروں کے گھر آنا جانا ہو سکتا ہے۔ محکمہ معاشیات نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ باہر جاتے ہوئے اپنے چہروں کو نہ چھوئیں۔
’بزرگ افراد اور دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد گھر پر رہیں اور عوامی مقامات پر نہ جائیں۔‘
یہ بھی کہا گیا ہے کہ نماز کے لیے اجتماعت کی اجازت نہیں جبکہ ایک ہی گھر میں رہنے والے افراد اپنے گھر پر ہی عبادت کر سکتے ہیں۔

دبئی میں ڈیلیوری سروسز سے بھی کام لیا جا رہا ہے (فوٹو: فرائے ڈے میگزین)

امارات کی حکومت نے کہا ہے کہ گھر سے نکلتے وقت پرائیویٹ اور پبلک ٹرانسپورٹ پر سفر کرنے والے افراد ماسک اور ہینڈ سینٹیائزر کا استعمال کریں۔
محکمہ معاشیات نے یہ بھی کہا ہے کہ رمضان میں دس سے زیادہ افراد کے اجتماع کی اجازت نہیں ہوگی۔
محکمہ معاشیات نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ دیگر گھرانوں کے ساتھ اپنی اشیائے خورد و نوش بھی نہ بانٹیں۔
ان قواعد و ضوابط کے مطابق گھریلو ملازمین باہر لوگوں سے نہ ملیں اور نہ ہی کسی سے کھانا لیں۔
شاپنگ مالز کی کار پارکنگز 75 فیصد بند رہیں گے۔ دکاندار صارفین کے جانے کے بعد تمام چیزوں سمیت زیورات کو سینٹائز کریں۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے متحدہ عرب امارات میں شاپنگ مالز مارچ میں بند کر دیے گئے تھے۔

شیئر: