Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ماہ رمضان میں آب زم زم کی ہوم ڈیلیوری

گھروں میں آب زم زم کی سپلائی کا منصوبہ مرحلہ وار شروع کیا گیا ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کے تحت سعودی عرب میں آب زم زم گھروں میں فراہم کرنے کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز زم زم پروجیکٹ کمیٹی کے نگران اعلٰی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے آب زم زم گھروں میں پہنچانے کے منصوبے کا افتتاح کیا۔
مقامی ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق گھروں میں آب زم زم پہنچانے کا آغاز مکہ سے کیا گیا ہے تاہم بعد ازاں منصوبے کو ملک گیر سطح پر وسعت دے دی جائے گی۔

زم زم سیل پوائنٹ حفاظتی اقدامات کے تحت عارضی طور پر بند کیا گیا ہے (فوٹو: سوشل میڈیا) 

آب زم زم کے 5 لیٹر والے کین کی قیمت ساڑھے 7 ریال مقرر ہے۔ ایک شخص ایک وقت میں 4 کین خرید سکے گاـ آب زم زم کے کین اقامہ کارڈ کے اندراج پر دیے جائیں گے۔ اضافی کین حاصل کرنے کے لیے افراد خانہ کے اقامہ کارڈز کا اندراج کرانا ہوگاـ آب زم زم کے کین خریدنے کے لیے نقد رقم وصول نہیں کی جائے گی بلکہ مدی کارڈ کے ذریعے ادائیگی لازمی ہوگی۔
زم زم پروجیکٹ اور نیشنل واٹر کمپنی کے درمیان گھروں میں زم زم پہنچانے کا معاہدہ طے پا گیا ہے جس پر مرحلہ وار عمل درآمد شروع کر دیا جائے گا۔
ماہ رمضان کے حوالے سے مکہ کی حد تک تجرباتی مرحلے کے تحت گھروں میں آب زم زم  فراہم کرنے کے لیے ’نیشنل واٹر کمپنی‘ اور’ آب زم زم پروجیکٹ‘ نے مشترکہ ویب سائٹ لانچ کی ہے جسے ’ھناک‘ کا عنوان دیا گیا ہے۔
نیشنل واٹر کمپنی کے آپریشنل ڈائریکٹر انجینئر محمد الموکلی کا کہنا ہے کہ ’کورونا وائرس کی وجہ سے زم زم پروجیکٹ عارضی طور پر بند کردیا گیا تھا تاہم رمضان کے موقع پر لوگوں کو ان کے گھروں تک زم زم پہنچانے کیے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جن کے ذریعے انہیں آب زم زم کا 5 لیٹر والا کین فراہم کیاجائے گا، مخصوص ایپ ’ھناک ‘ کے ذریعے ابتدائی طور پر مکہ میں یہ سروس شروع کی جا رہی ہے تاہم بعدازاں اس کا دائربڑھا دیا جائے گا۔

مخصوص پیکنگ میں 5 لیٹروالے کین کی قیمت ساڑھے 7 ریال مقرر کی گئی (فوٹو، سوشل میڈیا)

’الموکلی‘ نے مزید بتایا کہ ’معروف تجارتی گروپ ’پانڈا‘ کے ساتھ معاہدہ کیا گیا ہے جس کے تحت انہیں آب زم زم کے 5 لیٹروالے کین فراہم کیے جائیں گے جو وہ مملکت میں قائم اپنی برانچوں میں صارفین کے لیے مہیا کرسکیں گے علاوہ ازیں ہوم ڈلیوری سروس کے ذریعے بھی گھروں تک کین پہنچائے جائیں گے تاہم اس کے چارجز جدا ہونگے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’آب زم زم کی اس طرح فراہمی کا سلسلہ کورونا وائرس کی وبا ختم ہونے کے بعد روک دیا جائے گا بعدازاں پروجیکٹ پر آب زم زم حسب سابق دستیاب ہوسکے گا۔
یاد رہے مکہ مکرمہ کے آب زم زم پروجیکٹ کا سیل پوائنٹ کورونا وائرس کی وجہ سے احتیاطی طور پر 16 مارچ 2020 کو عارضی طور پر بند کردیا گیاتھا۔

شیئر: