Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حرم مکی میں کمپیوٹرائزڈ تھرمل کیمروں کی تنصیب

حرم مکی آنے والے تمام افراد کی سکریننگ کی جائے گی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے ادارہ امور حرمین شریفین کے نگران اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے حرم مکی میں کمپیوٹرائزڈ تھرمل کیمروں کا افتتاح کر دیا ہے۔
افتتاح کے بعد شیخ السدیس نے حاضرین سے مختصر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’حرم مکی میں کام کرنے والے تمام افراد کے لیے لازم ہے کہ وہ حرم میں داخل ہونے سے قبل تھرمل کیمروں کی سکرننگ سے گزریں.
اگر کسی کا درجہ حرارت بڑھا ہوا ہے تو اسے حرم مکی آنے کی اجازت نہیں ہوگی بلکہ وہ مزید چیک اپ  کےلیے متعلقہ ادار ے سے رجوع کرے‘.

کسی کارکن کا درجہ حرارت بڑھا ہو تو اسے آنے کی اجازت نہیں ہوگی (فوٹو: سبق)

 ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق ادارہ امور حرمین کے نگران شیخ السدیس نے مزید کہا ’کسی کو موجودہ حالات کے حوالے سے خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد مملکت ذاتی طور پر حرمین آنے والوں کی صحت کے امور کے حوالےسے مسلسل نگرانی کرتے ہیں اور وہ تمام معاملات میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں.
انہوں نے مزید کہا ’مجھے پختہ یقین ہے اور اس بات کا یقین دلانا چاہتا ہوں کہ رب کریم جلد ہی ملت کوغم کی ان گھڑیوں سے نجات دلادیں گے اور حرمین شریفین میں طواف و سعی اور روضہ شریف میں اسی طرح نماز باجماعت کی ادائیگی شروع ہوجائے گی اور حالات حسب سابق جلد ہی معمول پر آ جائیں گے‘.
شیخ السدیس نے مزید کہا ’ہمیں چاہئے کے موجودہ حالات میں احتیاطی اقدام سے نہ گھبرائیں جو اقدامات کیے جا رہے ہیں وہ سب کی حفاظت اور صحت و سلامتی کے لیے ہیں.
واضح رہے اس سے قبل مسجد نبوی میں بھی تھرمل ڈیجیٹل کیمروں کی تنصیب کی جا چکی ہے.جدید ترین ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے بیک وقت 24 افراد کی سکریننگ کی جا سکتی ہے.

تھرمل کیمرے احتیاطی تدابیر کے تحت نصب کیے گئے ہیں (فوٹو: سبق)

حرمین شریفین میں کام کرنے والوں کی سکریننگ کا مقصد حفاطتی اقدامات پر مکمل طور پر عمل کرنا ہے کیونکہ کوئی ایک بھی متاثرہ کارکن دوسروں کو متاثر کر سکتا ہے اس لیے احتیاطی اقدامات پر عمل کرنا ہر ایک پر لازم ہے.

شیئر: